تازہ ترین

فوج اورعوام کے درمیان خلیج پیداکرنے کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور گیریژن کا دورہ کر کے سی ایم ایچ لاہور میں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بننے والے میجرحارث کی عیادت کی اور کہا ہے کہ قانون اپنا راستہ بنائے گا، انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے جبکہ گیریژن آفیسرز اور سابق فوجیوں سے الگ الگ ملاقاتوں میں کہاہے کہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے سے ریاست میں یکجہتی کو خطرات لاحق ہوتے ہیں، فوج اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنیکی کوشش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اتوار کو آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا۔آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا۔آرمی چیف نے سی ایم ایچ لاہور میں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بننے والے میجر حارث کی عیادت کی۔اس موقع پر انہوں نے یقین دھانی کرائی کہ قانون اپنا راستہ بنائے گا، واقعے کے ذمہ داران گرفتار کرلئے گئے ہیں، انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے۔آرمی چیف نے کہا کہ کسی کوقانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ آرمی چیف نے بعدازاں گیریژن آفیسرز اور سابق فوجیوں سے الگ الگ ملاقات کی۔ آرمی چیف نے لاہور کور کی پیشہ ورانہ تیاریوں اور تربیت کے معیار کو سراہا، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے سے ریاست کی سالمیت اور یکجہتی کو خطرات لاحق ہوتے ہیں، قیاس آرائیوں اور افواہوں کا موثر مقابلہ کرنے کیلئے بروقت اور متحد ردعمل کی ضرورت ہوتی ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ فوج اپنی طاقت عوام سے لیتی ہے، فوج اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوئی بھی کوشش برداشت نہیں کریں گے، دشمن قوتیں طویل عرصے سے انتشار پیدا کرنے کیلئے سرگرم ہیں، دشمن قوتوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Close
Close