تازہ ترین

دعاکی موجودگی کی اطلاع ملی ہے،ابھی بتانہیں سکتا،آئی جی سندھ

دعا زہرہ بازیابی کیس کی سماعت کے دوران سندھ ہائی کورٹ نے نادرا اور اسٹیٹ بینک کو ملزمان کے بینک اکائونٹس منجمد کرنے اور نامزدملزمان کے قومی شناختی کارڈ بھی بلاک کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ نظر رکھی جائے بچی غیر قانونی طریقے سے سرحد پار نہ کرسکے۔جمعہ کوسندھ ہائیکورٹ میں دعا زہرہ کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس اقبال کلہوڑو اور جسٹس آغا فیصل نے کی۔آئی جی سندھ اوردعازہرا کے والدین عدالت میں پیش ہوئے۔آجی سندھ کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی۔دوران سماعت آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے عدالت کو بتایا کہ کل مجھے آئی جی تعینات کیاگیا ہے۔ ہم نے متعلقہ 16 افراد گرفتارکیے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ تین کو پوچھ گچھ کے بعد چھوڑدیا، ایک نے ضمانت کرالی۔ بارہ لوگ گرفتارہیں۔جسٹس اقبال کلہوڑو نے پوچھا کہ کوئی کامیابی ملی ہے آپ کو؟ اب تک کیا ملا ہے؟غلام نبی میمن نے جواب دیا کہ ہمارے پاس کچھ مصدقہ اطلاعات ہیں کوشش کررہے ہیں۔عدالت نے کہا کہ کون ان کی حمایت کررہا ہے، کوئی تو ہے پیچھے۔ ہم محسوس کررہے ہیں انسانی اسمگلنگ کا کیس ہے؟آئی جی سندھ نے بتایا کہ ظہیرکا والد جامعہ پنجاب کے رجسٹرارکا ڈرایئورتھا اور اپنے تعلقات کواستعمال کررہے ہیں وہ لوگ۔جسٹس اقبال کلہوڑو نے پوچھا کہ لاہورہائی کورٹ میں کوئی پیش ہوا؟ ان کے خاندان کا کوئی فرد آیا؟ ہم چاہتے ہیں بچی آجائے اوربیان دے دے۔ کیس یہاں ہوا ہے اوریہیں چلنا چاہئے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ جب تک بچی نہیں آئے گی معاملہ چلتا رہے گا۔ ہم بار بار حکم دے چکے ہیں مگر کچھ نہیں ہورہا۔غلام نبی میمن نے کہا کہ میں ذمہ داری کے ساتھ کہتا ہوں محنت اور ایمانداری میں کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے۔جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کہا کہ ہمیں ٹائم فریم دیں کب بچی کو پیش کریں گے؟ جس پر آئی جی سندھ نے جواب دیا کہ ہم ایمانداری سے کوشش کررہے ہیں یہ یقین دلاتا ہوں۔والد دعا زہرا نے کہا کہ میں بڑی امیدیں لگا کر یہاں آتا ہوں۔ ہم بہت پریشان ہیں کچھ کریں پلیز۔عدالت نے کہا کہ عدالت کا جو بھی اختیار ہے وہ کررہی ہے۔ ہم ہر ممکن اقدامات کیلئے حکم دے رہے ہیں۔آئی جی سندھ نے کہا کہ ہم نے سات ٹیمیں بچی کی بازیابی کیلئے بھیجی ہیں۔عدالت نے وفاق اور ایف آئی اے کو فریق بنانے کا حکم دیتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے کو سرحدی علاقوں کی نگرانی اور کارروائی کا حکم دے دیا۔عدالت نے کہا کہ ایف آئی اے کو نوٹس جاری کریں اور لڑکی کو بیرون ملک منتقلی سے روکا جائے۔جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے نادرا اور اسٹیٹ بینک کو ملزمان کے بینک اکائونٹس منجمد کرنے کا حکم دیتے ہوئے نامزد ملزمان کا قومی شناختی کارڈ بھی بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے سابق آئی جی کامران فضل کو جاری کردہ شوکازنوٹس واپس لیتے ہوئے سماعت دس جون تک ملتوی کردی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Close
Close