تازہ ترین

گیس بحران شدید،کراچی کے شہربپھرگئے ،مختلف علاقوں میں 10گھنٹے فراہمی بند

کراچی میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا، مختلف علاقوں میں 10 گھنٹے سے گیس کی فراہمی بند ہونے سے خواتین کے لیے کھانا پکانابھی محال ہوگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کا بحران شدید ہوگیا، علاقہ مکینوں کے مطابق ایس ایس جی نے کے الیکٹرک کی طرح شہر میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کا آغاز کردیا ہے۔علاقہ مکینوں نے بتایاکہ ایس ایس جی سی عملہ جان بوجھ کر علاقے میں وال کو روزانہ بند کررہا ہے، ایس ایس جی سی روزانہ 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کررہی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ نیو کراچی، ایف بی ایریا، بفرزون میں گیس رات 12 سے صبح 6 بجے تک کھولی جارہی ہے۔کراچی کے علاقے کھارادر، لیاری، لائنز ایریا، گلستان جوہر، گلشن اقبال اور ڈالمیا میں گیس پریشر میں کمی کی شکایت سامنے آئی ہیں۔گیس کی مسلسل لوڈشیڈنگ یا پریشر کم ہونے کی وجہ سے صارفین کا گھروں پر کھانا بنانا مشکل ہوگیا، جس کی وجہ سے وہ ریسٹورنٹس سے کھانا اور روٹیاں خریدنے پر مجبور ہیں۔علاوہ ازیں گیس کی لوڈ شیڈنگ سے پریشان شہریوں نے اپنی ضرورت پوری کرنے کے لیے سلینڈر بھی خریدے مگر ایل پی جی مہنگی ہونے کی وجہ سے وہ اس کو برداشت نہیں کرپارہے ہیں۔کریانہ اسٹور مالکان نے بتایا کہ گیس کی کمی یا بندش کی وجہ سے ماچس کی مانگ بھی بڑھ گئی ہے کیونکہ صارفین چولہے کو جلانے کے لیے بار بار ماچس جلا رہے ہیں۔دوسری جانب سخت ترین سردی میں گیس کی عدم فراہم شہریوں کے لیے کسی عذاب سے کم نہیں ،مہنگائی ستائے عوام جن کیلئے اپنے بچوں کاپیٹ پالنامشکل ہورہاہے وہیں گیس کی عدم دستیابی کے باعث بازارسے کھانالاناان کی پریشانیوں میں مزیداضافہ کررہاہے ،کئی علاقوں سے گیس کی عدم فراہمی کے سبب احتجاج کی اطلاعات مل رہی ہیں ،لوگوں کاپارہ ہائی ہورہاہے جوکسی بھی وقت بڑے احتجاج اورہنگامہ آرائی باعث بن سکتاہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Close
Close