مودی کے بھارت میں مسلمانوں دیگر اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم میں اضافہ ہوا‘ مشعال ملک
پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن اور بھارتی جیل میں نظر بند کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہاہے کہ آنجہانی بھارتی جنرل بپن راوت نے وادی کشمیر کو جہنم میں تبدیل کر دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مشعال حسین ملک نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بپن راوت آر ایس ایس کے کارکن اور مودی کے دایاں ہاتھ تھے جو مسلمانوں کے خلاف اپنی بربریت اور متعصبانہ رویے کے لیے بدنام تھے۔انہوں نے کہا، مودی کے بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے کیونکہ انتہا پسندہندو رہنما کھلے عام مسلمانوں کے خلاف نسل کشی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔مشعال ملک نے کہا کہ یہ ہندو رہنما راوت سے متاثر تھے جو بھارتی ظلم کے خلاف مزاحمت کرنے پر کشمیریوں کوجان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے تھے اور بلوائیوں کے ذریعے کشمیریوں کوقتل کرنے کے حوالے سے ان کے بیان ان کے کشمیر دشمن ہونے کا ثبوت ہیں۔مشعال نے کہا کہ ظالم بھارتی جنرل مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم میں ملوث تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے جارحانہ بیانات اس کی ہندوتوا ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں اور انہیں پاکستان مخالف جذبات کو ہوا دینے کی عادت تھی۔مشعال ملک نے عالمی برادری اور عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ اقلیتوں کے خلاف جرائم پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائیں۔