تازہ ترین

کم عمر طالب علموں نے سنسنی خیز ٹک ٹاک بنانے کیلئے شہری کو قتل کردیا

ملیر پولیس نے اندھے قتل کا معمہ حل کرلیا، واقعے کے چھ روز بعد دو ٹک ٹاکرز کو شواہد کے ساتھ گرفتار کرلیا گیاہے۔تفصیلات کے مطابق ملیر غازی چوک گلی کے کنارے کھڑے شہری کے قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، ملیر سٹی پولیس نے14 سال کی عمر کے میٹرک کے دو طالب علموں کو گرفتار کرلیا۔اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایاکہ گرفتار کم عمر ٹک ٹاکرز نے سنسنی خیز ویڈیو بنانے کے لیے ایک معمر شخص کو گولی ماری، صرف ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کیلئے ایک شہری کو قتل کیا گیا۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی ہے، پولیس نے عینی شاہدین اور جدید اور سائنسی طریقہ کار کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا، قتل کا واقعہ 6 روز قبل غازی چوک جعفر طیار میں پیش آیا تھا، فوٹیج میں دو موٹرسائیکل پر سوار4نوجوانوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گرفتار ملزم فاضل علی نے قمر رضا پر گولی چلائی، ملزمان سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔پولیس کے مطابق برآمد اسلحہ فارنزک کے لئے لیبارٹری روانہ کردیا گیا۔ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر چھاپہ مار کارروائی کی ہے، گرفتار ملزمان کی عمریں 14 سے 15 سال کے درمیان ہیں۔ گرفتار ملزمان میں سعید احمد اور فاضل علی شامل ہیں۔ ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایاکہ ملزمان نے دوران تفتیش مزید 2ساتھیوں سے متعلق بھی معلومات دیں، ملزمان کے دیگر 2ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ایس ایس پی ملیر کے مطابق گرفتار ملزمان نے 23 دسمبر 2021 کو غازی چوک جعفر طیار میں شہری پر فائرنگ کی، دوران علاج زخمی شہری قمر رضا اگلے روز جاں بحق ہو گیا تھا۔گرفتار ملزمان کے دیگر دو ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اِن کی جلد گرفتاری متوقع ہے۔عرفان بہادر کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کی کارروائی جاری ہے، گرفتار ملزمان کو مزید پوچھ گچھ کے لیے تفتیشی حکام اور اِن سے برآمد کیا گیا اسلحہ فارنزک کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Close
Close