تازہ ترین

گھی سمیت کئی اشیاء کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ

یوٹیلیٹی اسٹورز پر دستیاب گھی سمیت کئی اشیا ء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا ہے،قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق فوری ہو گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر درجہ اول گھی کا 10 کلوکاکین 1090 روپے مہنگا ہوگیا ہے جس سے اس کی قیمت2500 روپے سے بڑھ کر 3590 روپے ہو گئی ۔یوٹیلیٹی اسٹورز پر 5لیٹر درجہ اول کوکنگ آئل کی قیمت میں 463 روپے اضافہ کیا گیا ہے جس سے اس کی قیمت 1332 سے بڑھ کر 1795 روپے ہو گئی ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر درجہ دوم کے کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 465 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے جس سے ٹن کی قیمت 1245 سے بڑھ کر 1710 روپے ہوگئی ہے۔یوٹیلٹی پر درجہ دوم برانڈ کے گھی کے 10 کلو ٹن کی قیمت 475 روپے اضافے سے 2885 سے بڑھ کر 3360 روپے ہوگئی ۔دوسری جانب کپڑے دھونے کے 2 کلو پائوڈر کی قیمت میں 10 سے 21 روپے، باڈی لوشن کی 100 گرام قیمت میں 20 روپے جبکہ جوتے چمکانے والی 42 ملی گرام کریم کی قیمت میں 10 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق کپڑوں کے لیے 500 ملی لیٹر لیکوڈ بلیچ کی قیمت میں 20 روپے، ایک لیٹر ٹائلٹ کلینر کی قیمت 41 روپے، شیمپوز کی 180 ملی لیٹر قیمت میں 4 روپے جبکہ نہانے کے صابن کی قیمت میں 15 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ہینڈ واش کی 228 ملی لیٹر قیمت میں 9 روپے، شربت کی 800 ملی لیٹر قیمت میں 40 روپے جبکہ اچار کی 300 گرام قیمت 20 سے 44 روپے تک بڑھا دی گئی ہے، نوڈلز اور کیڑے مار ادویات کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئی ہیں۔دوسری جانب ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے جسکے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی میں 0.20 فیصد کا اضافہ ہوگیا۔ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 12.66 فیصد تک پہنچ گئی، کم آمدنی والوں کیلئے مہنگائی کی شرح 14.12 فیصد تک پہنچ گئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 22 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 11 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایل پی جی گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 43 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا، برانڈڈگھی کا اڑھائی کلو کا ٹن 6 روپے 90 پیسے مہنگا ہوا، برانڈڈ گھی فی کلو 2 روپے 99 پیسے مہنگا ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق لہسن، چاول، مٹن ، آلو، گڑ مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں ،ایک ہفتے میں 10 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں قیمتوں میں کمی ہوئی، ایک ہفتے میں چینی 6 روپے 72 پیسے سستی ہوئی،زندہ مرغی فی کلو 4 روپے اور انڈے فی درجن 6 روپے تک سستے ہوئے، آٹے کا 20 کلو تھیلا 11 روپے سستا ہوا، دال ماش، دال مونگ، دال مسور اور کیلے سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں،ایک ہفتے میں 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Close
Close