تازہ ترین

کرتارپور راہداری: 20 ماہ بعد انڈیا سے سکھ یاتریوں کے پہلے قافلے کی پاکستان آمد

بھارت اور پاکستان کے درمیان کرتار پور رہداری کھلنے کے بعد انڈیا سے سکھ یاتریوں کا پہلا قافلہ پاکستان میں گردوارہ دربار صاحب پہنچ گیا ہے۔ اس قافلے میں 50 یاتری شامل ہیں۔انڈیا میں پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے ایک ویڈیو ٹویٹ کی گئی جس میں پاکستان کی جانب سے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہا گیا ہے۔یہ یاتری سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کی 552 ویں سالگرہ کے موقع پر پہنچے ہیں۔ بابا گرو نانک کی سالگرہ 19 نومبر کو منائی جائے گی۔اس سے پہلے انڈیا کے وزیرِ داخلہ امِت شاہ نے منگل کے روز کہا تھا کہ ان کی حکومت کے کرتارپور راہداری کھولنے کے فیصلے سے بڑی تعداد میں سکھ یاتریوں کو فائدہ ہو گا۔تاہم انڈیا کی حکومت نے کہا ہے کہ یاتریوں کو کورونا وائرس کی وبا کے پھیلا کو روکنے کے لیے تمام قوائد اور ہدایات کی پابندی کرنا ہو گی۔جمعرات کو یاتریوں کا ایک دوسرا قافلہ گرودوارہ دربار صاحب پہنچے گا جس میں انڈین پنجاب کے وزیرِ اعلی چرنجیت سنگھ چنی اور کابینہ کے کئی ارکان شامل ہوں گے۔کرتارپور رہداری کو 20 مہینوں کے بعد کھولا گیا ہے جسے کورونا وائرس کی وبا کے باعث بند کر دیا گیا تھا۔یہ چار عشاریہ سات کلومیٹر طویل رہداری ہے جس کے ذریعے سکھ یاتری انڈیا کے علاقے گرداس پور میں ڈیرہ بابا نانک سے بغیر ویزے کے گردوارہ دربار صاحب آ سکتے ہیں۔یاد رہے کہ اس راہداری کے ذریعے پاکستان آنے والوں کو ایک دن کا پرمٹ دیا جاتا ہے اور زیارت کے لیے جانے والوں کے پاسپورٹ پر صرف پاکستان میں داخلے اور اخراج کی مہریں لگتی ہیں۔سکھوں اور پنجاب کی کئی دوسری برادریوں کے لیے گردوارہ دربار صاحب مذہبی لحاظ سے بہت اہم ہے۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں بابا گرو نانک نے اپنی زندگی کے آخری 18 سال گزارے تھے۔دو سال قبل انڈیا اور پاکستان کے درمیان ایک معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت پاکستان نے انڈیا کے یاتریوں کو بغیر ویزے کے پاکستان میں موجود گردوارہ دربار صاحب آنے کی اجازت دی تھی۔ کئی یاتریوں کا کہنا ہے انھوں نے راہداری کھلنے سے پہلے ہی اجازت نامے کی درخواست دے دی تھی۔پاکستان گردوارہ کمیٹی کے امیر سنگھ کا کہنا تھا ‘ہماری اور آپ کی دعائیں پوری ہو گئی ہیں۔ ہم آپ کا دل کی گہرائیوں سے استقبال کرتے ہیں، ہمارے دل اور دروازے آپ کے لیے کھلے ہوئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Close
Close