ضلع وسطی کراچی کی انتظامیہ نے شہر کی معروف شخصیات کے سابقہ گھروں پر یادگاری نیلی تختیاں نصب کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
کمیمورٹیو بلیو پلاک انیشی ایٹو کے تحت پہلے مرحلے میں قوال امجد صابری، لیجنڈ فنکار عمر شریف اور مصور و خطاط سید صادقین احمد نقوی کے گھروں پر تختیاں لگائی گئی ہیں۔
امجد صابری کے بھائی طلحہ صابری نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے بھیجے گئے اہلکاروں نے لیاقت آباد میں ان کے گھر پر تختی نصب کی جس پر ان کے بھائی کا نام، تاریخ پیدائش اور تاریخ شہادت درج ہے۔
انہوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نئی نسل کراچی کی شناخت بنانے والے فنکاروں سے واقف ہوگی، اور انتظامیہ سے اپنے والد غلام فرید صابری کے نام کی تختی بھی لگانے کی درخواست کی۔