سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ گردش کر رہی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص تین بار منع کرنے کے باوجود میسج کرے تو اس کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت کارروائی ہو سکتی ہے۔ یہ دعویٰ جزوی طور پر درست ہے، تاہم تین بار منع کرنے کی شرط درست نہیں۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی لاہور کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ واضح انکار کے بعد ایک بار بھی ناپسندیدہ رابطہ پیکا کی دفعہ 24 اور 24 اے کے تحت آ سکتا ہے۔
دفعہ 24 سائبر اسٹاکنگ اور دفعہ 24 اے سائبر بلئنگ سے متعلق ہے۔ کسی کی نگرانی کرنا، بار بار فرینڈ ریکوئسٹ بھیجنا یا منع کرنے کے باوجود رابطے کی کوشش کرنا بھی اس قانون کے دائرے میں آتا ہے۔ متاثرہ افراد شواہد کے ساتھ این سی سی آئی اے میں شکایت درج کرا سکتے ہیں۔