نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر حکمران اتحاد میں شامل پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ وہ شہباز شریف کو دو بار وزیراعظم بنوا چکے ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہ پانچ سال کی مدت پوری کریں، تاہم وزیراعظم جب بھی کوئی منصوبہ بناتے ہیں تو ان کا کوئی وزیر الگ منصوبہ لے آتا ہے۔ بلاول نے نئے صوبوں کے معاملے پر صورتحال خراب ہونے سے بھی خبردار کیا۔
ن لیگ کے رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ان کی جماعت ریفرنڈم کے لیے پیپلز پارٹی کو قائل کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی اور پی ٹی آئی نے نئے صوبوں کی تجویز پر مثبت ردعمل دیا ہے۔ رانا ثنا اللہ نے صدر زرداری سے کہا کہ وہ بلاول اور محسن نقوی کو بحث صحت مند رکھنے کا کہیں، جبکہ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کا راستہ بند کرنا ملک کے لیے اچھا نہیں۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تمام جماعتیں اپنے مفادات کے لیے مل کر کام کر رہی ہیں۔ جماعت اسلامی 22 نومبر کو کوئٹہ اور 29 نومبر کو مینار پاکستان پر جلسہ کرے گی۔