کراچی: شہر کے کار اور موٹر سائیکل مالکان کے لیے یکم اکتوبر سے نیا دور شروع ہونے جا رہا ہے، کیونکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ای چالان سسٹم باضابطہ طور پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
اس نئے نظام کے تحت روایتی انداز میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کے ذریعے چالان کرنے کے بجائے جدید کیمروں اور مانیٹرنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے خلاف ورزیاں خودکار طور پر ریکارڈ ہوں گی اور چالان براہِ راست جاری کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں شہریوں کو آگاہ کرنے کے لیے ٹریفک پولیس نے مرکزی شاہراہوں پر آگاہی مہم شروع کر دی ہے۔ کئی شہریوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ای چالان نظام سے رشوت اور امتیازی سلوک کا خاتمہ ممکن ہوگا۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے واضح کیا کہ اس نظام کا مقصد صرف چالان کرنا نہیں بلکہ شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی کا عادی بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا، "ہم کئی ماہ سے میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو اس حوالے سے آگاہ کر رہے ہیں۔ اصل مقصد شہریوں میں ڈسپلن پیدا کرنا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اس جدید الیکٹرانک نظام کے نفاذ سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ممکن ہو سکے گی، جس کے نتیجے میں شہر کے مجموعی ٹریفک نظام میں بہتری آئے گی۔