ٹرمپ کا دعویٰ: پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ چند دنوں میں روک دی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی انتظامیہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی جنگ کو روک دیا جو اگر حالات نہ سنبھلتے تو ایک ہفتے کے اندر اندر شروع ہو سکتی تھی۔

تفصیلات کے مطابق، صدر ٹرمپ نے یہ بات وائٹ ہاؤس میں نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اسلام آباد اور نئی دہلی کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا:

"ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ روکنے میں کامیاب رہے۔ اگر ہم نے مداخلت نہ کی ہوتی تو ایک ہفتے میں ایٹمی جنگ چھڑ سکتی تھی۔”

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے رہنما "انتہائی مضبوط” ہیں، تاہم ان کی حکومت نے سفارت کاری اور تجارت کے ذریعے اس خطرناک بحران کو ٹال دیا۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بھی، اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو سے ڈنر ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے حوالے سے کہا تھا کہ دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور انہوں نے ان ممالک کو جنگ کے بجائے تجارت کی پیشکش کی تھی۔

امریکہ کے یوم آزادی کی 250ویں سالگرہ کے موقع پر آئیووا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے دوبارہ اس مؤقف کو دہرایا، انہوں نے کہا:

"پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کو روکا جانا چاہیے تھا۔ دونوں کے پاس ایٹمی ہتھیار ہیں اور ان کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑ سکتی تھی، لیکن ہم نے اسے روک دیا۔”

صدر ٹرمپ جنوبی ایشیا میں کشیدگی کم کرنے کا کریڈٹ لیتے ہوئے بارہا یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ ان کی براہ راست مداخلت سے دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان ایک ممکنہ تباہ کن ایٹمی تصادم کو ٹالنے میں مدد ملی۔

More From Author

یوکرین جنگ پر ٹرمپ کی 100 فیصد ٹیرف کی دھمکی، روس نے نظرانداز کر دیا

کراچی: ڈرم سے ملنے والی خاتون کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل، اہم انکشافات سامنے آگئے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے