اسلام آباد: پاکستان اپنے پہلے خلاباز کو خلا میں بھیجنے کے قریب ہے۔ چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی (سی ایم ایس اے) کی جانب سے جاری مشن کی تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے پائلٹ محمد زیشان علی چین کے شینژو 24 خلائی جہاز کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن جائیں گے۔
وہ چین کے خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی بھی ہوں گے۔
مشن کی اہم تفصیلات
- لانچ مقام: شمال مغربی چین میں جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر۔
- لانچ کا وقت: بیجنگ کے وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 18 منٹ (پاکستانی وقت صبح 5 بج کر 18 منٹ)۔
- عملہ: چینی خلاباز تانگ ہونگبو (کمانڈر) اور وو یی (پائلٹ)، جبکہ زیشان علی پے لوڈ اسپیشلسٹ ہوں گے۔
- خلا میں قیام: تقریباً ایک ہفتہ۔
- ذمہ داریاں: چینی ساتھیوں کے ساتھ تقریباً 90 تجربات، شینژو 23 کے عملے کے ساتھ ذمہ داریوں کی منتقلی اور اسٹیشن کے معمول کے امور۔
- واپسی: مختصر قیام کے بعد وہ شینژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔
"25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں”
لانچ سے قبل پریس کانفرنس میں زیشان علی نے پاکستان کا خلاباز خلا میں بھیجنے کا خواب پورا کرنے میں مدد پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ چند ماہ قبل چین کے خلائی تربیتی مرکز پہنچے تھے اور کہا کہ وہ "25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں” لے کر جا رہے ہیں۔
انتخاب کیسے ہوا؟
سپارکو نے اپریل 2026 میں کئی مراحل کے انتخابی عمل کے بعد زیشان علی اور پاک فضائیہ کے ایک اور پائلٹ خرم داؤد کو منتخب کر کے بیجنگ کے خلائی تحقیقی و تربیتی مرکز بھیجا تھا۔ نومبر میں سی ایم ایس اے نے اعلان کیا کہ پاک چین خلائی تعاون کے تحت ایک پاکستانی خلاباز شینژو 24 مشن میں شامل ہوگا۔
پاکستان کے لیے تاریخی سنگ میل
یہ پرواز پاکستان کے انسانی خلائی پروگرام اور چین کے ساتھ خلائی تعاون کے لیے ایک بڑا قدم ہے۔ مشن سے متعلق تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لیے K21 نیوز کے ساتھ رہیں۔