صاحبزادہ فرحان نے تازہ ترین آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں زبردست چھلانگ لگائی ہے۔ وہ 69 درجے اوپر آکر 97ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور ان کے ریٹنگ پوائنٹس کی تعداد 389 ہو گئی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ وہ دنیا کے ٹاپ 100 ٹی ٹوئنٹی بیٹرز میں شامل ہوئے ہیں۔
حسن نواز نے بھی متاثر کن کارکردگی دکھائی اور 14 درجے اوپر آکر جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر کے ساتھ 54ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ دونوں کے پوائنٹس 500 ہیں۔
قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا اور نوجوان اوپنر صائم ایوب نے بھی دو دو درجے ترقی کی۔ سلمان 91ویں اور صائم 62ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
تاہم، پاکستان کے کچھ اہم بیٹرز کی رینکنگ میں کمی واقع ہوئی ہے۔ بابر اعظم اور محمد رضوان بالترتیب 14ویں اور 16ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ محمد حارث 15 درجے نیچے آکر 65ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں اور ان کے پوائنٹس 476 ہیں۔ فخر زمان بھی دو درجے نیچے آکر 81ویں نمبر پر آ گئے ہیں، ان کے پوائنٹس 422 ہیں۔
بھارت کے ابھشیک شرما نے ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے، جب کہ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ بھارت کے ہی تلاک ورما نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
بالنگ کے شعبے میں کوئی پاکستانی کھلاڑی ٹاپ 20 میں شامل نہیں ہے۔ فاسٹ بولرز عباس آفریدی اور حارث رؤف بالترتیب 24ویں اور 26ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ شاہین آفریدی ایک درجہ اوپر آکر 35ویں پوزیشن پر پہنچے ہیں اور ان کے پوائنٹس 536 ہیں۔ اسپنر ابرار احمد 51ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں، جبکہ نائب کپتان شاداب خان دو درجے نیچے آکر 67ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی بالرز میں سرفہرست نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی ہیں، ان کے بعد انگلینڈ کے عادل رشید اور بھارت کے ورون چکرورتی بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں