اسلام آباد: پاک فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس کے افسران اور جوان خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے اپنی ایک دن کی تنخواہ عطیہ کریں گے، جبکہ متاثرہ اضلاع میں امدادی اور ریسکیو آپریشن جاری ہیں۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ عوام کی مکمل بحالی تک فوج ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ اضافی فوجی دستے بھی متاثرہ علاقوں میں بھیج دیے گئے ہیں تاکہ ریلیف سرگرمیوں کو تیز کیا جا سکے۔
تنخواہوں کے عطیے کے ساتھ ساتھ پاک فوج نے اپنا ایک دن کا راشن بھی متاثرہ خاندانوں کے لیے مختص کر دیا ہے، جس کا تخمینہ 600 ٹن سے زائد لگایا گیا ہے۔ جنرل عاصم منیر نے کور آف انجینئرز کو ہدایت دی ہے کہ تباہ شدہ پلوں کی فوری مرمت مکمل کی جائے اور جہاں ضرورت ہو وہاں عارضی پل تعمیر کیے جائیں تاکہ متاثرہ علاقوں کا رابطہ بحال کیا جا سکے۔
پاک فوج کی خصوصی یونٹس بھی امدادی سرگرمیوں میں شامل کر دی گئی ہیں جن میں نویں یونٹ کا ریسکیو ڈاگ اسکواڈ اور اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم شامل ہیں۔ فوجی ہیلی کاپٹر اور آرمی ایوی ایشن کے دیگر اثاثے پہلے ہی سیلاب زدگان کو محفوظ مقامات تک پہنچانے اور امدادی سامان کی ترسیل میں مصروف ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں شانہ بشانہ کھڑی ہے اور یہ ریلیف آپریشن اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک حالات معمول پر نہیں آ جاتے