اسلام آباد – ستمبر 2025: پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے، کیونکہ ورجن اٹلانٹک ایئرلائن نے پاکستان کے لیے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) نے ایئرلائن کو پروازیں بحال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ اکتوبر سے ورجن اٹلانٹک لندن سے کراچی، اسلام آباد اور لاہور کے لیے پروازیں چلائے گی، جو سعودی عرب کے شہر ریاض کے ذریعے کنیکٹ ہوں گی۔
خیال رہے کہ ورجن اٹلانٹک نے 2023 میں تجارتی مشکلات کے باعث پاکستان کے لیے اپنی پروازیں بند کر دی تھیں، تاہم اب سول ایوی ایشن کی اجازت کے بعد یہ پروازیں دوبارہ بحال ہونے جا رہی ہیں جس سے مسافروں کو زیادہ سہولت میسر آئے گی۔
ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ ورجن اٹلانٹک کی واپسی پاکستانی مسافروں کے لیے اہم پیش رفت ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب برٹش ایئرویز نے گزشتہ سال اپنی سروس محدود کر دی تھی۔ 2024 میں برٹش ایئرویز نے لندن ہییتھرو سے لاہور اور اسلام آباد کے لیے پروازیں بند کر دی تھیں، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا تھا۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق ورجن اٹلانٹک کی پروازوں کی بحالی کاروباری اور نجی دونوں قسم کے مسافروں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی، اور اس سے نہ صرف سہولت بڑھے گی بلکہ کرایوں میں بھی مسابقت آنے کا امکان ہے۔