بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کیلئے ایک اہم موقع سامنے آیا ہے، کیونکہ جنوبی کوریا نے 2025 کے لیے KOICA اسکالرشپ پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (KOICA) پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کے طلبہ کو جنوبی کوریا کی بہترین جامعات میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی ڈگریاں حاصل کرنے کیلئے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ فراہم کرے گی۔
آئندہ تعلیمی سال کیلئے KOICA کی جانب سے کل 109 اسکالرشپس دی جائیں گی۔ ماسٹرز پروگرام کی مدت تقریباً 17 ماہ جبکہ پی ایچ ڈی پروگرام کی مدت 36 ماہ ہوگی۔ اسکالرشپ میں ہوائی جہاز کا کرایہ، مکمل ٹیوشن فیس، ماہانہ وظیفہ، رہائش، اور صحت کی انشورنس سمیت تمام بنیادی اخراجات شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، طلبہ کو کوریا پہنچنے پر سیٹلمنٹ الاونس اور ڈگری مکمل کرنے پر اضافی گرانٹ بھی دی جائے گی۔
یہ اسکالرشپ خاص طور پر سرکاری افسران کیلئے رکھی گئی ہے۔ درخواست گزار کا اپنی متعلقہ سرکاری وزارت یا ادارے سے نامزد ہونا ضروری ہے۔ امیدوار کی عمر 40 سال سے کم ہونی چاہئے جبکہ جسمانی اور ذہنی طور پر صحت مند ہونا بھی لازمی شرط ہے۔ چونکہ کورسز کی تعلیم انگریزی زبان میں دی جائے گی، اس لیے انگریزی پر عبور ضروری ہے۔
ماسٹرز پروگرام کیلئے امیدوار کے پاس بیچلر ڈگری کے ساتھ کم از کم دو سال کا متعلقہ تجربہ ہونا چاہئے جبکہ پی ایچ ڈی کیلئے ماسٹرز ڈگری کے بعد متعلقہ شعبے میں چند سال کا تجربہ درکار ہوگا۔
درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 جولائی 2025 مقرر کی گئی ہے۔ اہل پاکستانی امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی دستاویزات کی تیاری فوری طور پر شروع کریں اور مقررہ وقت میں درخواست جمع کرا دیں۔
یہ اسکالرشپ نوجوان پیشہ ور افراد کو عالمی سطح کی تعلیم اور مہارتیں حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گی تاکہ وہ وطن واپس آکر اپنے شعبوں میں قائدانہ کردار ادا کر سکیں۔