اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے موبائل رجسٹریشن ڈرائیو کا اعلان کردیا ہے۔ یہ سہولت اس ہفتے شروع کی جارہی ہے، جس کے تحت اوورسیز پاکستانی اپنے شناختی کاغذات کے حوالے سے اہم خدمات باآسانی حاصل کرسکیں گے۔
نادرا حکام کے مطابق یہ موبائل ٹیمیں 30 اگست 2025 کو دو شہروں میں دستیاب ہوں گی:
- بلیک برن (مانچسٹر) میں صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک
- شیفیلڈ (بریڈفورڈ) میں صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک
اس سہولت کے ذریعے پاکستانی شہری نہ صرف اپنے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ (CNIC) کی تجدید کرواسکیں گے بلکہ نیکوپ (NICOP) اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC) بھی حاصل کرسکیں گے، اور انہیں قونصل خانوں یا طویل سفر کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
نادرا نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ پراسس کو تیز بنانے کے لیے اپنے پرانے شناختی کارڈ یا بی فارم ساتھ لائیں۔ خواتین کے لیے علیحدہ کاؤنٹرز اور عملہ بھی موجود ہوگا تاکہ انہیں آرام دہ ماحول فراہم کیا جاسکے۔
اس کے ساتھ ہی نادرا نے اوورسیز پاکستانیوں کو اپنی "پاک آئی ڈی” موبائل ایپ کے استعمال کی ترغیب دی ہے، جس کے ذریعے گھر بیٹھے شناختی کارڈ کی تجدید، بچوں کی پیدائش یا شادی کی رجسٹریشن اور حتیٰ کہ سرکاری ملازمتوں کے لیے درخواست بھی دی جاسکتی ہے۔
مزید معلومات کے لیے نادرا کی سرکاری ویب سائٹ (www.nadra.gov.pk)، واٹس ایپ چینل یا آن لائن شکایتی پورٹل سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔
اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں نادرا نے برطانیہ کے شہروں بینبری اور بریئر فیلڈ میں بھی کامیاب موبائل رجسٹریشن ڈرائیوز منعقد کی تھیں جن میں بڑی تعداد میں اوورسیز پاکستانیوں نے سہولت حاصل کی۔
دوسری جانب ملک کے اندر بھی نادرا نے ضلع سیالکوٹ کی تحصیل پسرور، منڈی فیض آباد اور ضلع ننکانہ صاحب میں جدید ون ونڈو سروس سینٹرز قائم کردیے ہیں، جن کے ذریعے شہری اب اپنے مقامی یونین کونسلز سے ہی شناختی کارڈ، بی فارم، فیملی سرٹیفکیٹ اور ازدواجی حیثیت میں تبدیلی جیسی خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔
نادرا کے مطابق اندرون و بیرون ملک یہ اقدامات اس کے اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ پاکستانی شہری جہاں بھی ہوں، انہیں شناختی دستاویزات بروقت اور قابلِ اعتماد انداز میں فراہم کی جائیں۔