جعلی کرنسی کا نیٹ ورک بے نقاب، کراچی میں 60 لاکھ روپے مالیت کے نوٹ برآمد

کراچی: جعلی کرنسی کے خلاف بڑی کارروائی کے دوران کراچی پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو 60 لاکھ روپے مالیت کے جعلی نوٹ شہر میں منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ گرفتاری کے بعد ملزم کے انکشافات نے اس غیرقانونی کاروبار کے طریقہ کار پر سے پردہ اٹھا دیا ہے۔

گڈاپ پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت اسفند کے نام سے ہوئی ہے، جسے تین روز قبل گڈاپ ٹول پلازہ پر اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ بھاری مقدار میں جعلی کرنسی لے کر شہر میں داخل ہو رہا تھا۔

تفتیش کے دوران اسفند نے اقرار کیا کہ وہ پشاور سے کراچی جعلی نوٹ پہنچانے آیا تھا۔ اس نے بتایا کہ دہرا آدم خیل میں ایک لاکھ روپے مالیت کے جعلی نوٹ صرف 16 سے 17 ہزار روپے میں دستیاب ہوتے ہیں، جبکہ ترسیل کرنے والے کو فی پیکٹ 2 ہزار روپے کمیشن دیا جاتا ہے۔ اس بار اسے 60 لاکھ روپے مالیت کے نوٹ پہنچانے کا کام دیا گیا تھا، جس کے بدلے اسے ایک لاکھ روپے ملنے تھے۔

ملزم نے مزید بتایا کہ وہ ماہانہ ایک مرتبہ کراچی آتا ہے اور یہاں ایک ڈیلر کے لیے کورئیر کا کام کرتا ہے۔ اس نے انکشاف کیا کہ جعلی نوٹ زیادہ تر کراچی اور ملتان میں سپلائی کیے جاتے ہیں۔ کراچی میں ایک شخص شاہد یہ نوٹ ایک اور شخص بابا تک پہنچاتا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں جعلی نوٹ برآمد کر لیے گئے ہیں۔ گرفتار شخص کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے

More From Author

پاکستان میں انٹرنیٹ سہولیات بہتر بنانے کے لیے تین نئی سب میرین کیبلز نصب کی جائیں گی

سائبر کرائم ایجنسی نے اسلام آباد کے صحافی کو حراست میں لے لیا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے