کراچی – 7 اگست 2025
کراچی ٹریفک پولیس نے شہر بھر میں ای چالان سسٹم کے نفاذ کی تیاریاں تیز کر دی ہیں، جو کہ ٹریفک قوانین کے نفاذ کے لیے ایک اہم ڈیجیٹل قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ آگاہی مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو اس نئے نظام سے متعلق مکمل معلومات فراہم کی جا سکیں۔
ذرائع کے مطابق، ای چالان سسٹم کے تحت شہر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی نگرانی تصویری اور ویڈیو شواہد کے ذریعے کی جائے گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں خودکار چالان تیار ہوگا اور اسے متعلقہ شہری کے رجسٹرڈ پتے پر بذریعہ ڈاک بھیجا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف جرمانہ عائد کرنا ہے بلکہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانا اور شہریوں میں نظم و ضبط کو فروغ دینا ہے۔
اس ضمن میں ایک اہم پیشرفت کے طور پر، ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے آؤٹ ڈور ایڈورٹائزنگ کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کی، جس کے نتیجے میں شہر کے 100 سے زائد مقامات پر روڈ سیفٹی سے متعلق بینرز، ہورڈنگز اور سائن بورڈز نصب کیے جائیں گے۔ ان میں ٹریفک قوانین سے متعلق معلوماتی پیغامات شامل ہوں گے تاکہ شہریوں کو قوانین کی اہمیت اور خلاف ورزی کی ممکنہ سزا سے آگاہ کیا جا سکے۔
فزیکل تشہیر کے ساتھ ساتھ، معلوماتی ویڈیوز، تصاویر اور ڈیجیٹل مواد بھی عوام تک پہنچایا جائے گا تاکہ اس نئے نظام سے متعلق مکمل آگاہی دی جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد صرف سزائیں دینا نہیں، بلکہ کراچی میں محفوظ ڈرائیونگ کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔
مزید یہ کہ، جاری ہونے والے کسی بھی چالان کی تفصیل کراچی ٹریفک پولیس کی سرکاری موبائل ایپ کے ذریعے بھی دیکھی جا سکے گی، جس سے شہریوں کو اپنی خلاف ورزیوں کی معلومات حاصل کرنے اور جرمانے ادا کرنے میں آسانی ہوگی۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں تاکہ جرمانوں اور دیگر مسائل سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نظام سزا دینے کے بجائے شہریوں میں قانون کی پاسداری اور روڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے لایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب، سندھ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے اجرک ڈیزائن والی سیکیورٹی فیچرز پر مبنی نمبر پلیٹس کے نفاذ کی آخری تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے 14 اگست کی ڈیڈلائن کو بڑھا کر 31 اکتوبر کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر صوبائی وزیر ایکسائز مکیش کمار چاولہ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اس توسیع کا مقصد شہریوں کو مزید سہولت دینا ہے، خاص طور پر ان افراد کے لیے جو موجودہ معاشی حالات میں نئی نمبر پلیٹس حاصل کرنے میں مشکلات کا شکار ہیں