کراچی – بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی (BIEK) نے انٹرمیڈیٹ پارٹ۔ٹو (سائنس جنرل گروپ) کے سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے، جس میں کامیابی کا تناسب 55.59 فیصد رہا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق امتحانات کے لیے 16 ہزار 842 طلبہ نے اندراج کروایا جن میں سے 16 ہزار 549 امیدوار شریک ہوئے۔ ان میں سے 9 ہزار 199 طلبہ کامیاب قرار پائے۔
اس سال پہلا مقام مشترکہ طور پر مایرا خان دختر راجہ خان (گورنمنٹ ڈگری سائنس اینڈ کامرس کالج) اور محمد ہارون ولد محمد اسلم (بحریہ کالج کارساز) نے حاصل کیا، دونوں نے 1100 میں سے 988 نمبر حاصل کیے۔
دوسری پوزیشن بھی بحریہ کالج کارساز کے طالب علم محمد انیس ولد محمد فرقان کے حصے میں آئی، جنہوں نے 986 نمبر (اے ون گریڈ) حاصل کیے۔ اسی کالج کی عائشہ یاسین دختر محمد یاسین نے 982 نمبر (اے ون گریڈ) کے ساتھ تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔
امتحانی کنٹرولر کے مطابق، اس بار بھی بحریہ کالج کارساز نے نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سرفہرست پوزیشنز اپنے نام کیں، جبکہ مجموعی نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ جہاں بعض طلبہ نے شاندار کارکردگی دکھائی وہیں بڑی تعداد مطلوبہ معیار پر پورا نہ اتر سکی۔