پاکستان اور چین کے ’آہنی‘ تعلقات کی پھر سے توثیق، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا بیجنگ کا اعلیٰ سطحی دورہ مکمل

اسلام آباد: پاکستان اور چین نے ایک مرتبہ پھر اپنی ’آہنی دوستی‘ اور ہر موسم میں قائم رہنے والی اسٹریٹجک شراکت داری کے عزم کو دہرایا ہے، جس کا اظہار چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کے حالیہ دورۂ چین کے دوران سامنے آیا، جہاں انہوں نے چینی قیادت کے ساتھ اہم سیاسی و عسکری ملاقاتیں کیں۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، اس دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے مابین دفاعی و سیاسی روابط کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ دورہ ایسے وقت میں ہوا جب خطے میں بدلتے ہوئے حالات اور عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی کشیدگی نے نئے چیلنجز کو جنم دیا ہے۔

بیجنگ میں آرمی چیف کی چینی نائب صدر ہان ژینگ اور وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقاتوں میں خطے کی موجودہ صورتحال، عالمی سیاسی منظرنامے، اور چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کی پیش رفت پر گفتگو ہوئی۔ دونوں ممالک نے باہمی تعاون، علاقائی استحکام اور مربوط حکمت عملی کو فروغ دینے پر زور دیا۔

چینی قیادت نے پاکستان آرمی کو جنوبی ایشیا میں استحکام کا "ستون” قرار دیتے ہوئے اس کے کردار کو سراہا، جبکہ دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور خودمختاری، کثیرالجہتی تعاون اور طویل المدتی شراکت داری کے عزم کی توثیق کی گئی۔

دفاعی تعاون میں مزید وسعت

فوجی سطح پر، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کے اعلیٰ افسران سے ملاقاتیں کیں جن میں سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ یو ژیا، پی ایل اے کے سیاسی کمشنر جنرل چن ہوئی، اور چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل کائی زائی جن شامل تھے۔

پی ایل اے کے ہیڈکوارٹرز میں پاکستانی آرمی چیف کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، جو دونوں افواج کے مابین دیرینہ دوستی اور اعتماد کا مظہر تھا۔

ملاقاتوں میں انسداد دہشتگردی تعاون، مشترکہ تربیت، دفاعی جدید کاری، اور ادارہ جاتی روابط کو بڑھانے کے لیے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں ممالک نے آپریشنل مطابقت (interoperability) کو بہتر بنانے اور ہائبرڈ و عالمی خطرات کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا۔

چینی فوجی قیادت نے دوطرفہ دفاعی تعلقات پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے علاقائی امن کے لیے کردار کو سراہا۔ جنرل منیر نے بھی چین کے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، فوجی تعاون کو تمام شعبوں میں مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔

مشترکہ مستقبل کی جانب پیش قدمی

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق، نائب صدر ہان ژینگ نے پاکستان اور چین کو "آہنی دوست اور ہر موسم کے تزویراتی شراکت دار” قرار دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، آزمائشوں میں یکجہتی، اور مشترکہ مستقبل کے ویژن پر قائم ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چین، پاکستان کے ساتھ قیادت کے طے شدہ ایجنڈے پر عمل درآمد کو یقینی بنانا چاہتا ہے تاکہ ہر شعبے میں تعاون کو وسعت دی جا سکے اور "نئے دور میں ایک قریبی چین-پاکستان برادری” تشکیل دی جا سکے۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان میں چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو قومی سطح پر قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے چین کے تین عالمی اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر سطح پر چین کے ساتھ کھڑا ہے۔ "یہ محض سفارتی تعلق نہیں بلکہ باہمی احترام، مشترکہ مفادات، اور دیرینہ اعتماد پر مبنی ایک گہرا رشتہ ہے،” جنرل منیر نے کہا

More From Author

وزیراعظم کا ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے مکمل تعاون کا اعادہ

حکومت کا ‘ڈیجیٹل دہشت گردی’ کے خلاف عالمی کارروائی کا مطالبہ، سوشل میڈیا کمپنیوں سے تعاون کی اپیل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے