اسلام آباد – 7 اگست 2025:
پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی ٹیکنالوجی اور کری ایٹو انڈسٹریز کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ معروف عالمی کمپنی گوگل نے پاکستانی ماہر فصیح مہتہ کو "موبائل ایپس اور گیمنگ – پاکستان” کے لیے انڈسٹری ہیڈ کے طور پر تعینات کر دیا ہے۔ یہ نئی ذمہ داری وہ سنگاپور میں گوگل کے ایشیا پیسیفک ہیڈکوارٹرز سے ادا کریں گے۔
یہ محض ایک عہدہ نہیں بلکہ پاکستان کی ڈیجیٹل اور گیمنگ انڈسٹری کو عالمی سطح پر تسلیم کیے جانے کی ایک اہم علامت ہے۔ فصیح مہتہ طویل عرصے سے پاکستان کے تخلیقی شعبے کی نمائندگی کرتے آئے ہیں اور اب وہ دنیا کے سب سے بڑے ٹیک پلیٹ فارمز میں سے ایک پر ملک کا مقدمہ لڑنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
گوگل سے پہلے وہ ایپک گیمز جیسے بین الاقوامی ادارے میں کام کر چکے ہیں جہاں انہوں نے پاکستان کے گیمنگ ڈیولپرز اور ان کی کامیابیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گوگل میں ان کی تقرری کسی اندرونی سفارش یا آسان راستے سے نہیں ہوئی، بلکہ ایک کھلی اور سخت مسابقتی بھرتی کے عمل سے گزر کر ہوئی۔ اس پورے عمل میں دس ماہ تک کئی مراحل پر محیط انٹرویوز اور سخت جانچ پڑتال شامل تھی، جس کے بعد بالآخر گوگل نے فصیح مہتہ کو پاکستان کے گیمنگ اور موبائل ایپ ڈیولپمنٹ سیکٹر کی نمائندگی کے لیے منتخب کیا۔
فصیح مہتہ نے اپنے نئے عہدے کے حوالے سے ایک جذباتی پیغام میں کہا:
"پاکستان ٹیلنٹ سے بھرپور ملک ہے، دنیا کو بس اسے دیکھنے کی ضرورت ہے۔”
انہوں نے اس ذمہ داری کو صرف اپنی ذاتی کامیابی قرار نہیں دیا بلکہ اسے ایک موقع قرار دیا کہ وہ اس کمیونٹی کو کچھ واپس دے سکیں، جس نے انہیں بنایا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ "میں دنیا بھر میں گوگل کے دفاتر میں گیا — کبھی مہمان کے طور پر، کبھی شراکت دار کے طور پر، اور ہمیشہ ایک مداح کے طور پر۔ لیکن اس بار، میں وہاں گوگل کا بیج لگا کر داخل ہوا۔”
فصیح کی نظر میں ان کی اصل ذمہ داری اب یہ ہے کہ وہ پاکستان کے ڈویلپرز، اسٹوڈیوز اور پبلشرز کی مدد کریں تاکہ وہ اپنی پروڈکٹس کو عالمی سطح پر لے جا سکیں، بہتر بزنس ماڈلز بنا سکیں، اور بین الاقوامی مارکیٹس میں جگہ بنا سکیں۔ ان کا پیغام سادہ مگر حوصلہ افزا ہے — "میں سننے، ساتھ دینے اور مل کر آگے بڑھنے آیا ہوں۔”
فصیح مہتہ کی تقرری سے بھی بڑی بات یہ ہے کہ گوگل نے پاکستان کے لیے یہ الگ رول تخلیق کیا ہے — جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اب عالمی ٹیک کمپنیاں پاکستان کی صلاحیت کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہیں۔ ایک نوجوان، موبائل فرسٹ آبادی اور تیزی سے بڑھتی ہوئی ڈیولپر کمیونٹی کے ساتھ، پاکستان اب دنیا کے ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل مارکیٹوں میں سے ایک بنتا جا رہا ہے۔
یہ محض فصیح مہتہ کی کامیابی نہیں، بلکہ پاکستان کی اجتماعی کامیابی ہے — جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارا ٹیلنٹ صرف دنیا کی باتیں سننے کا منتظر نہیں، بلکہ اب خود عالمی اسٹیج پر قیادت کے لیے تیار ہے