ناران — ناران کے دلکش پہاڑی علاقے میں سیر کے دوران لاپتہ ہونے والی ایک جرمن خاتون سیاح کو بدھ کی رات مانسہرہ پولیس اور مقامی رضاکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بحفاظت تلاش کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق خاتون سیاح شام پانچ بجے کے قریب اپنے ہوٹل کے عقب میں واقع پہاڑی پر چڑھائی کے لیے نکلیں اور ایک گھنٹے میں چوٹی تک پہنچ گئیں۔ تاہم جب وہ قریبی دوسری پہاڑی کی جانب بڑھنے لگیں تو واپسی کا محفوظ راستہ کھو بیٹھیں۔ اندھیرا چھا جانے پر انہوں نے ایک چرواہے کی جھونپڑی میں پناہ لے لی تاکہ اندھیرے میں نیچے اترنے کے خطرے سے بچ سکیں۔
بعد ازاں پولیس اور مقامی رضاکار ٹارچ کی روشنی میں تلاش کرتے ہوئے انہیں ڈھونڈنے میں کامیاب ہوگئے اور محفوظ مقام پر لے آئے۔ خاتون سیاح کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں وہ خیبر پختونخوا پولیس کی کاوشوں پر شکریہ ادا کررہی ہیں۔
“میں لوگوں کی کوششوں پر حیران ہوں جنہوں نے مجھے تلاش کیا۔ مجھے افسوس ہے کہ میری وجہ سے سب کو پریشانی ہوئی، یہ میرا مقصد کبھی نہیں تھا،” انہوں نے کہا۔ سیاح کا مزید کہنا تھا کہ وہ شام ساڑھے چھ بجے تک واپس آنا چاہتی تھیں لیکن حالات کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہوسکا۔
پولیس حکام نے واقعے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور مقامی رضاکاروں کے باہمی تعاون سے یہ کامیاب ریسکیو ممکن ہوا۔ اس واقعے کو سوشل میڈیا پر عوام کی جانب سے بھرپور سراہا جا رہا ہے اور اسے پاکستان کی مہمان نوازی اور حکام کی پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظہر قرار دیا جارہا ہے۔