برسلز — پاکستان کے قدرتی وسائل کو عالمی سطح پر ایک اور بڑی کامیابی ملی ہے۔ ہمالیہ کے گلابی نمک سے تیار کردہ صابن نے بیلجیئم میں منعقدہ گلوبل انوویشن ایوارڈ میں نمایاں اعزاز حاصل کیا ہے، جس سے اس منفرد قدرتی خزانے کی عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی مانگ اجاگر ہوئی ہے۔
یہ ایوارڈ یافتہ صابن برازیل میں پاکستانی نمک کی مدد سے تیار کیا گیا تھا اور اسے ویمن ایگروٹیک سمٹ میں پیش کیا گیا، جہاں ماہرین اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے اس کی بھرپور پذیرائی کی۔
وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال نے اس کامیابی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ گلابی نمک پاکستان کا قدرتی سرمایہ ہے اور یہ ایوارڈ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان عالمی تجارتی منظرنامے پر اپنی جگہ مزید مستحکم کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برازیل کے باہمی تعاون سے ایسی معیاری مصنوعات تیار ہو رہی ہیں جو نہ صرف پاکستان کی شناخت کو بہتر بنا رہی ہیں بلکہ عالمی منڈی میں اس کے حصے کو بھی بڑھا رہی ہیں۔
بیلجیئم میں جیتا گیا یہ اعزاز پاکستان کے گلابی نمک کو ایک اعلیٰ معیار کے قدرتی برانڈ کے طور پر سامنے لایا ہے اور بین الاقوامی تجارت میں ملک کی ساکھ کو مزید مضبوط کیا ہے۔