عالمی دولت کی فہرست میں بڑی اُتھل پُتھل دیکھنے میں آئی ہے، جہاں اوریکل (Oracle) کے شریک بانی لیری ایلیسن نے ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق ایلیسن کی دولت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور ان کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 393 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جو صرف چند دنوں میں 101 ارب ڈالر کا ریکارڈ اضافہ ہے۔ اس کے نتیجے میں ایلون مسک، جن کی دولت اس وقت 385 ارب ڈالر ہے، دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
ایلیسن کی دولت میں یہ غیر معمولی اضافہ اوریکل کی بڑھتی ہوئی مارکیٹ ویلیو اور مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے میں تیزی سے بڑھتی کامیابیوں کا نتیجہ ہے۔ کمپنی نے حالیہ برسوں میں اس میدان میں نمایاں پیش رفت کی ہے، جس نے سرمایہ کاروں کو اپنی جانب متوجہ کیا اور شیئرز کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ ایلون مسک اور لیری ایلیسن نے امارت کی دوڑ میں ایک دوسرے کو چیلنج کیا ہو، لیکن اس بار ایلیسن نے واضح سبقت حاصل کر لی ہے اور دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔