فیس بک اور ایکس کے بعد یوٹیوب کا بھی ٹرمپ سے کروڑوں ڈالر کا تصفیہ

واشنگٹن — ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ 2 کروڑ 45 لاکھ ڈالر کے تصفیے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، یوں وہ تازہ ترین بڑی ٹیکنالوجی کمپنی بن گئی ہے جس نے کیپیٹل ہل حملے کے بعد ان کے اکاؤنٹ معطلی کے معاملے پر قانونی چارہ جوئی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ مقدمہ 6 جنوری 2021 کے واقعات سے جڑا ہے جب کیپیٹل ہل حملے کے بعد ٹرمپ کا اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا تھا۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق تصفیے کے تحت یوٹیوب کی بنیادی کمپنی "الفابیٹ” 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالر غیر منافع بخش تنظیم ٹرسٹ فار دی نیشنل مال کو دے گی، جو اس وقت وائٹ ہاؤس میں ایک نئے بال روم کی تعمیر کے لیے 20 کروڑ ڈالر جمع کر رہی ہے۔

باقی 25 لاکھ ڈالر دیگر فریقین میں تقسیم کیے جائیں گے جنہوں نے ٹرمپ کے ساتھ مقدمہ کیا تھا، ان میں امریکن کنزرویٹو یونین بھی شامل ہے۔

یہ معاہدہ سوشل میڈیا کی دیگر بڑی کمپنیوں کے بعد سامنے آیا ہے۔ رواں سال جنوری میں فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر میں تصفیہ کیا تھا، جب کہ فروری میں ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے 1 کروڑ ڈالر میں معاملہ طے کر لیا تھا۔

یاد رہے کہ صدر ٹرمپ طویل عرصے سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر قدامت پسند آوازوں کو دبانے اور سیاسی جانبداری کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں، تاہم ان حالیہ تصفیوں اور اکاؤنٹس کی بحالی کے بعد یہ لگتا ہے کہ دونوں فریقین کے تعلقات میں بہتری کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔

More From Author

کراچی آمد سے قبل ایمریٹس پرواز کو جی پی ایس خلل کا سامنا

اگر پنجاب کے بارے میں کچھ کہا گیا تو مریم نواز ناراض ہو جائیں گی: کراچی کے میئر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے