شیعہ علماء اور سندھ کے آئی جی پولیس کا محرم الحرام میں قیامِ امن کے لیے مشترکہ تعاون پر اتفاق

محرم الحرام کی آمد سے قبل سندھ کے انسپکٹر جنرل پولیس غلام نبی میمن نے پیر کے روز سینٹرل پولیس آفس کراچی میں معروف شیعہ علماء کرام سے ملاقات کی، جس میں محرم کے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سکھر اور لاڑکانہ کے سینئر افسران اور علماء کرام بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

ملاقات کے دوران شیعہ علماء نے پولیس کے اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ علماء نے بتایا کہ مجالس اور جلوسوں کے دوران کمیونٹی کے رضا کار بھی پولیس کے شانہ بشانہ خدمات انجام دیں گے تاکہ امن و امان اور نظم و ضبط قائم رہے۔

علماء کرام نے ملک کے دفاع میں پاک فوج کے کردار کو بھی سراہا، خاص طور پر "آپریشن بنیانِ مرصوص” کی کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی، استحکام اور اتحاد کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔

آئی جی غلام نبی میمن نے شیعہ برادری اور پولیس کے مابین دیرینہ تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان حساس ایام میں سب کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، اور افواہوں یا شرانگیزیوں کا ہرگز شکار نہ ہوں۔
انہوں نے کہا:
"دہشت گردی کو پہلے بھی شکست دی جا چکی ہے، اور ہمارا عزم ہے کہ اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔”

ان کا کہنا تھا کہ پولیس، سیکیورٹی ادارے اور دیگر محکمے دن رات کام کر رہے ہیں تاکہ محرم کے دوران امن و سکون قائم رہے، لیکن موجودہ عالمی حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے شہریوں کو بھی چاہیے کہ وہ چوکنا رہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دی جائے، اور تمام مسالک کے علماء امن، بھائی چارے اور یکجہتی کا پیغام دیں۔

آئی جی سندھ نے کہا:
"اگر ہم سب متحد ہو کر کھڑے ہوں تو اس محرم کو پُرامن اور محفوظ بنا سکتے ہیں۔”

More From Author

جماعت اسلامی کا حیدرآباد میں احتجاج، ایران پر حملوں کی شدید مذمت

سندھ ہائی کورٹ نے منشیات اسمگلنگ کیس میں عمر قید کی سزا برقرار رکھ دی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے