کوئٹہ: محکمہ آبپاشی نے تصدیق کی ہے کہ کراچی کو پانی فراہم کرنے والا اہم ذخیرہ، حب ڈیم، حالیہ دنوں میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں کے بعد اپنی مکمل گنجائش تک بھر گیا ہے۔
حکام کے مطابق ڈیم میں پانی کی سطح 338 فٹ تک جا پہنچی ہے، جس کے بعد صرف ایک فٹ کی گنجائش باقی رہ گئی ہے۔ اس صورتحال میں کسی بھی وقت ڈیم کے اسپل وے سے پانی چھوڑا جا سکتا ہے۔
انتظامیہ نے پیشگی حفاظتی اقدامات کے تحت حب ندی کے کنارے رہنے والے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ پتھر کرشنگ پلانٹس کے مالکان کو بھی فوری طور پر اپنے مزدوروں اور مشینری کو وہاں سے ہٹانے کا حکم دیا گیا ہے۔
واپڈا حکام کا کہنا ہے کہ حب ڈیم کی مجموعی ذخیرہ گنجائش 338 فٹ ہے اور چونکہ پانی کی سطح اب قریباً مکمل بھر چکی ہے، اس لیے اضافی پانی کو محفوظ طریقے سے نکالنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں وزارت آبی وسائل، واپڈا اور لسبیلہ انتظامیہ کی ٹیمیں مشترکہ طور پر صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اسپل وے کے ذریعے پانی کا کنٹرولڈ اخراج کیا جا رہا ہے تاکہ ڈیم کو محفوظ رکھا جا سکے۔
خیال رہے کہ سندھ اور بلوچستان کی سرحد پر واقع حب ڈیم کراچی کے لیے پانی کی فراہمی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ڈیم کے بھرنے سے شہر کے لیے پانی کی قلت میں کمی کی امید پیدا ہوئی ہے، تاہم اس کے ساتھ ساتھ نشیبی علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔