کراچی (25 اگست 2025): ڈرگ روڈ انڈر پاس میں پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار مسافر بس نے انڈر پاس کے اندر دو موٹر سائیکلوں کو ٹکر مار دی۔ ایس ایس پی ڈاکٹر فاروق رضا نے بتایا کہ واقعے کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہوئیں۔
ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر لاشوں اور زخمی خاتون کو جناح اسپتال منتقل کیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 45 سالہ حارث، 30 سالہ شعیب اور 60 سالہ نائلہ شامل ہیں۔
ایس ایس پی فاروق رضا کے مطابق حادثہ منی بس کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ پولیس نے تعاقب کے بعد گاڑی کو تحویل میں لے لیا اور ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ مزید تفصیلات حاصل کرنے کے لیے تفتیش جاری ہے۔
یہ سانحہ ایک بار پھر کراچی میں تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد میں کمی کے سنگین نتائج کو اجاگر کرتا ہے۔