کراچی (11 ستمبر 2025):
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے چیئرمین محمد سلیم بیگ نے واضح اعلان کیا ہے کہ انٹرنیٹ کے ذریعے غیرقانونی کیبل سروس چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
کراچی میں کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے دفتر کے دورے کے دوران چیئرمین پیمرا نے ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل اور آپریشنل چیلنجز پر تفصیلی بات چیت کی۔
محمد سلیم بیگ نے قانونی آپریٹرز کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی لیکن ساتھ ہی یہ بھی واضح کر دیا کہ غیرقانونی سرگرمیوں، بالخصوص انٹرنیٹ پر غیر قانونی کیبل نیٹ ورکس اور ممنوعہ مواد کی ترسیل، کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا: “ہم جائز آپریٹرز کی ہر ممکن مدد کریں گے، مگر غیرقانونی مواد اور بغیر لائسنس سروسز کے خلاف کارروائی میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔”
اس موقع پر پیمرا کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے جن میں ایگزیکٹو ڈی جی لائسنسنگ براڈکاسٹ میڈیا وکیل خان، ایگزیکٹو ڈی جی آپریشنز و پی آر محمد طاہر، ڈی جی لیگل طاہر تارڑ، ڈی جی سندھ طفیل احمد چنہ، ڈی جی آپریشنز کراچی سید ایم اویس زیدی، ریجنل ڈائریکٹر کراچی رمیش کمار اور ڈائریکٹر ایف ایم کراچی خرم آفتاب میمن شامل تھے۔
کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کی نمائندگی جنرل سیکریٹری سید غفران مجتبیٰ نقوی، فنانس سیکریٹری سعید شاہ، سندھ کے صدر رئیس شاہ، کاشف جمال اور دیگر ممبران نے کی۔
اجلاس میں دونوں فریقین نے تعاون پر آمادگی ظاہر کی، تاہم پیمرا نے یہ دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ انٹرنیٹ کے ذریعے غیرقانونی کیبل سروسز اور غیرقانونی مواد کی ترسیل کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔