پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے خبردار کیا ہے کہ سعودی عرب کے ساحلی علاقے جدہ کے قریب سب میرین کیبلز میں خرابی کے باعث ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس میں تعطل آسکتا ہے۔
پی ٹی سی ایل کے مطابق، یہ کٹ دو بڑے بین الاقوامی انڈر سی کیبل سسٹمز ایس ایم ڈبلیو 4 اور آئی ایم ای ڈبلیو ای کو جزوی طور پر متاثر کر رہی ہے، جو پاکستان کو عالمی انٹرنیٹ نیٹ ورک سے جوڑنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ بین الاقوامی شراکت دار فوری طور پر متاثرہ روابط کی بحالی پر کام کر رہے ہیں جبکہ مقامی ٹیمیں متبادل بینڈوڈتھ فراہم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں تاکہ صارفین کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔ بیان میں مزید کہا گیا: “ہم اپنے صارفین کے صبر اور تعاون کے شکر گزار ہیں۔”
مانیٹرنگ ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ کی صبح ملک بھر میں صارفین کی شکایات میں اضافہ دیکھا گیا۔ رپورٹ کے مطابق رات بھر تعطل بڑھتا رہا اور صبح 9 بجے کے قریب شکایات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ ہوا۔ صبح 10:09 پر کم از کم 16 شکایات رجسٹر کی گئیں، جو سروس پر بڑھتے ہوئے دباؤ کی نشاندہی کرتی ہیں۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند ماہ قبل ہی افریقہ-1 سب میرین کیبل کو پاکستان کے انٹرنیٹ ڈھانچے سے جوڑا گیا تھا۔ یہ 10 ہزار کلومیٹر طویل کیبل تیز رفتار ڈیٹا ٹرانسمیشن کی صلاحیت رکھتی ہے اور پاکستان کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر اور فرانس سے منسلک کرتی ہے۔ 59.5 ملین ڈالر لاگت کا یہ منصوبہ نومبر 2020 میں پی ٹی سی ایل کے بورڈ نے منظور کیا تھا اور توقع ہے کہ 2026 کی پہلی سہ ماہی تک مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔