بارہویں مشترکہ وزارتی کمیشن (JMC) میں تمام شعبوں میں تعاون کا جامع جائزہ
پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا سے استثنیٰ کے معاہدے سمیت کئی اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔
یہ پیشرفت منگل کے روز ابوظہبی میں ہونے والے پاکستان-یو اے ای مشترکہ وزارتی کمیشن کے بارہویں اجلاس کے دوران ہوئی۔ اجلاس کی صدارت پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے مشترکہ طور پر کی۔
اجلاس میں دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور تجارت، بینکاری، سرمایہ کاری، توانائی، غذائی تحفظ، صحت، دفاع، موسمیاتی تبدیلی، اعلیٰ تعلیم، افرادی قوت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات پر اتفاق کیا۔ ثقافت، ہوا بازی اور ریلویز کے شعبوں میں بھی تعاون کو وسعت دینے کا عزم ظاہر کیا گیا۔
وزارتی اجلاس سے قبل ایک ورکنگ گروپ کی سطح پر مشاورتی ملاقات بھی ہوئی جس کی قیادت پاکستان کی جانب سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ اور یو اے ای کی جانب سے وزیر مملکت احمد علی الصایغ نے کی۔
یہ اجلاس خوشگوار اور برادرانہ ماحول میں منعقد ہوا، جس میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی گفتگو ہوئی اور دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر ادارہ جاتی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنے اور وزارتوں کے درمیان مؤثر رابطے پر بھی زور دیا گیا تاکہ طے شدہ اقدامات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
ویزہ استثنیٰ معاہدے کے علاوہ دونوں ممالک نے سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک مشترکہ ٹاسک فورس کے قیام اور مصنوعی ذہانت و ڈیجیٹل معیشت سے متعلق تعاون پر بھی معاہدوں پر دستخط کیے۔
ایک پروٹوکول بھی دستخط ہوا جس کا مقصد اجلاس کے بعد کے اقدامات کی رہنمائی، شعبہ جاتی ورکنگ گروپس کے ذریعے رابطے کو مربوط بنانا، اور اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں کو فروغ دینا ہے۔
اسی سلسلے میں بدھ کے روز ابوظہبی میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت (BPC) کے دوسرے دور کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور مختلف شعبہ جات میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری برائے مشرق وسطیٰ شہریار اکبر خان نے کی، جبکہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے نائب معاون وزیر برائے سیاسی امور، ریم کتیت نے اجلاس کی سربراہی کی۔
بات چیت کے دوران دونوں فریقین نے اس برادرانہ تعلق کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور مفادات پر قائم ہے۔ دونوں ممالک نے مشترکہ وزارتی کمیشن اور قیادت کی سطح پر باقاعدہ تبادلوں کو دوطرفہ تعلقات کی ترقی میں اہم قرار دیا۔
اجلاس کے اختتام پر یہ طے پایا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان مشترکہ وزارتی کمیشن کا 13واں اجلاس پاکستان میں منعقد کیا جائے گا، جس کی تاریخ باہمی مشاورت سے طے کی جائے گی۔
JMC اور BPC اجلاسوں کا کامیاب انعقاد پاکستان اور یو اے ای کے درمیان گہرے، ہمہ گیر اور مستقبل بین تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، اور اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ دونوں ممالک ترقی پسند شراکت داری کے لیے پرعزم ہیں۔