ٹرمپ کی بے دخلی کی پالیسیوں کی عوامی حمایت میں کمی

واشنگٹن:
اتوار کو جاری ہونے والے تازہ ترین سروے ظاہر کرتے ہیں کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف سخت پالیسیوں کی حمایت امریکہ میں کم ہوتی جارہی ہے، حالانکہ وہ اپنی دوسری مدت صدارت کے چھ ماہ مکمل کر چکے ہیں۔

ٹرمپ نے گزشتہ سال کا الیکشن بڑی حد تک اس وعدے پر جیتا تھا کہ وہ غیر قانونی تارکین وطن کی تاریخی سطح پر بے دخلی مہم شروع کریں گے۔ تاہم، ان کے سخت بیانات کو کافی تنقید کا سامنا ہے، جن میں وہ غیر قانونی تارکین وطن کو "وحشی” اور "جانور” کہہ چکے ہیں۔

لیکن سی این این اور سی بی ایس کے تازہ ترین سروے بتاتے ہیں کہ اب امریکیوں کی اکثریت ان کی ان پالیسیوں کی حمایت نہیں کر رہی۔ سی این این کے مطابق، 55 فیصد لوگوں کا خیال ہے کہ امیگریشن حکام کی جانب سے کی جانے والی چھاپہ مار کارروائیاں حد سے بڑھ چکی ہیں۔ یہ شرح فروری کے مقابلے میں دس فیصد زیادہ ہے جب وہ دوبارہ صدر بنے تھے۔

اسی سروے میں یہ بھی سامنے آیا کہ 57 فیصد امریکی ٹرمپ کے اس منصوبے کے خلاف ہیں جس کے تحت تارکین وطن کے لیے بڑے پیمانے پر حراستی مراکز قائم کیے جانے ہیں، جبکہ صرف 26 فیصد اس کی حمایت کرتے ہیں۔

ایک الگ سی بی ایس نیوز کے سروے میں بھی یہی رجحان دیکھا گیا، جس کے مطابق 56 فیصد امریکیوں کا ماننا ہے کہ حکومت ان تارکین وطن کو بھی نشانہ بنا رہی ہے جو عوامی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں ہیں۔ پچھلے مہینے یہ شرح 47 فیصد تھی۔ ٹرمپ کی مجموعی امیگریشن پالیسیز کی حمایت بھی گھٹ کر 49 فیصد رہ گئی ہے، جو گزشتہ ماہ 54 فیصد اور فروری میں 59 فیصد تھی۔

اگرچہ مجموعی طور پر عوامی حمایت کم ہو رہی ہے، لیکن ریپبلکن ووٹرز میں ٹرمپ کی بے دخلی پالیسی بدستور مقبول ہے، جہاں 91 فیصد اس کی تائید کر رہے ہیں۔ دوسری جانب، آزاد ووٹرز میں مخالفت کی شرح 59 فیصد اور ڈیموکریٹس میں 86 فیصد ہے۔

اپنی دوسری مدت کے چھ ماہ مکمل ہونے پر صدر ٹرمپ نے دن کا کچھ حصہ ورجینیا میں واقع اپنے گالف کلب میں گزارا اور سوشل میڈیا پر اس عرصے کو “کسی بھی صدر کی سب سے اہم مدت” قرار دیا۔ ٹروتھ سوشل پر لکھتے ہوئے انہوں نے کہا، "چھ ماہ کا عرصہ کسی بڑے ملک کو مکمل طور پر بحال کرنے کے لیے زیادہ نہیں ہوتا۔” ان کا کہنا تھا کہ ایک سال پہلے امریکہ "مر چکا تھا اور بحالی کی کوئی امید نہیں تھی”، لیکن اب یہ "دنیا کا سب سے زیادہ باعزت ملک” بن چکا ہے۔

تاہم، ان کی مجموعی کارکردگی کی عوامی منظوری میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ سی بی ایس نیوز کے مطابق اس وقت صرف 42 فیصد امریکی ان کی کارکردگی کو پسند کر رہے ہیں، جبکہ فروری میں یہ شرح 53 فیصد تھی۔

More From Author

پی ایم ڈی کی ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت

یورپی طاقتیں ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات کی تیاری میں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے