اسلام آباد – ناران ویلی کے جَلکھڈ اور بسَر علاقوں میں گزشتہ رات شدید لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں گلگت ہائی وے مکمل طور پر بند ہو گئی۔
اس صورتحال پر فوری ردعمل دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ مانسہرہ نے ایمرجنسی ریسکیو اور ریلیف آپریشن کا آغاز کیا۔
یہ مربوط آپریشن تحصیل انتظامیہ، ریونیو اسٹاف، ضلعی پولیس، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA)، کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی (KDA)، ریسکیو 1122، دیگر سرکاری محکموں اور مقامی افراد کی شراکت سے کیا گیا۔
آپریشن کے دوران متعدد پھنسے ہوئے سیاحوں کو ان کی گاڑیوں سمیت محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ پاک فوج کی خصوصی معاونت سے متاثرہ سیاحوں میں خوراک کے پیکٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ انتظامیہ نے متبادل راستے بنا کر ٹریفک کی روانی کو بھی بحال کیا۔
تمام اداروں کی مشترکہ کوششوں سے سیاحوں کو رات کے دوران MNJ روڈ کے ذریعے بحفاظت نکالا گیا، جبکہ ملبہ اور چٹانیں ہٹانے کا کام تاحال جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ مانسہرہ نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مقامی باشندوں اور سیاحوں کی حفاظت اور خدمت ان کی اولین ترجیح ہے۔