اسلام آباد — محکمہ موسمیاتِ پاکستان (PMD) نے شمالی علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وسیع پیمانے پر بارشوں، آندھیوں اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور شہری آبادیوں میں پانی جمع ہونے کا خطرہ ہے۔
محکمہ کے مطابق ایک نیا موسمی سلسلہ خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو اپنی لپیٹ میں لے گا، جس کے دوران مختلف مقامات پر تیز ہواؤں، گرد آلود طوفانوں اور وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔ بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری کی بھی توقع ہے، خصوصاً گلگت بلتستان اور شمالی خیبرپختونخوا میں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی اور کشمیر کے بعض علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ژالہ باری، بجلی گرنے اور تیز ہواؤں کے باعث کمزور عمارتوں، کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں، سائن بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام، خاص طور پر سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں اور سفر کی منصوبہ بندی احتیاط کے ساتھ کریں، کیونکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پھسلن کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع ابرآلود رہنے، وقفے وقفے سے بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کا امکان ہے، جب کہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع جیسے دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان اور ملاکنڈ میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع راولپنڈی، لاہور، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، فیصل آباد، خانیوال اور دیگر علاقوں میں بھی بارش اور آندھی کے امکانات ہیں، جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش اور ژالہ باری ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب سندھ کے زیادہ تر علاقے گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم عمرکوٹ، تھرپارکر اور بعض ساحلی علاقوں میں جزوی طور پر ابرآلود موسم کے ساتھ ہلکی بارش اور گرج چمک ہوسکتی ہے۔ بلوچستان میں بھی موسم عموماً خشک اور گرم رہے گا، تاہم ساحلی پٹی پر مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جہاں کہیں کہیں پر شدید بارش یا ژالہ باری ہوسکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں ریکارڈ کی گئیں، جب کہ ملک کے باقی حصے زیادہ تر گرم اور خشک رہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ ممکنہ خطرات سے محفوظ رہا جاسکے۔