کراچی — محکمہ موسمیات نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ خلیج بنگال میں بننے والا سمندری طوفان بحیرہ عرب کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کے اثرات آئندہ دنوں میں کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں پر پڑ سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں دن کا آغاز شدید گرمی اور حبس کے ساتھ ہوا کیونکہ سمندری ہوائیں رُک گئیں، جس کے باعث شہر میں شدید گھٹن محسوس کی گئی۔ شام کے وقت ہلکی بارش کا امکان ہے تاہم ہوا میں نمی بڑھنے سے گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔ آج شہر کا درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جب کہ موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو نمی کی وجہ سے 34 ڈگری تک محسوس کیا جا رہا ہے۔ اس وقت ہوائیں شمال مشرق سے سات کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل کراچی میں ہلکی سے درمیانی بارش اور کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ دوسری جانب عمرکوٹ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، سجاول، جامشورو اور مٹیاری میں آج اور کل تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ادارے نے مزید خبردار کیا ہے کہ خلیج بنگال میں بننے والا طوفانی نظام بھارتی ریاست گجرات کے راستے بحیرہ عرب میں داخل ہوگا، جس کے اثرات پاکستان کے جنوب مشرقی اور زیریں سندھ کے ساحلی علاقوں سمیت کراچی پر بھی پڑ سکتے ہیں۔