جب مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی تصویریں حقیقت سے اس قدر قریب ہو جائیں کہ فرق کرنا مشکل ہو جائے، تو ایسے میں گوگل نے ایک ایسا نظام متعارف کرایا ہے جو جعلی اور اصلی تصاویر میں امتیاز کو نہایت آسان بنا دیتا ہے۔
گوگل کے جیمنی 3 اپ ڈیٹ کے بعد Nano Banana Pro کے ذریعے تیار کی جانے والی ہر تصویر میں ایک پوشیدہ SynthID نشان شامل ہوتا ہے۔ یہ نشان عام صارف کی نظر سے اوجھل رہتا ہے، مگر جیمنی ایپ اسے فوراً پہچان سکتی ہے۔ صارف کو صرف تصویر اپ لوڈ کرنی ہوتی ہے اور پوچھنا ہوتا ہے:
“کیا یہ تصویر اے آئی سے تیار کی گئی ہے؟”
چند لمحوں میں جیمنی واضح جواب دے دیتا ہے۔
گوگل کے مطابق یہ ٹیکنالوجی ان تصاویر کی درست شناخت کرتی ہے جو اس کے اپنے ماڈلز سے تیار کی گئی ہوں۔ تاہم وہ تصاویر جو دیگر اے آئی ٹولز— جیسے ChatGPT، Midjourney یا DALL·E — سے بنائی گئی ہوں، اُن کے بارے میں جیمنی حتمی رائے تو نہیں دے سکتا، لیکن بصری خامیوں، چہرے کے تناسب، روشنی کے امتزاج اور تکنیکی بے ربطیوں کی بنیاد پر مضبوط تجزیہ ضرور پیش کرتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فیچر سوشل میڈیا پر پھیلتی جعلی تصاویر، گمراہ کن مواد اور ڈیجیٹل فراڈ پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کرے گا، اور عام صارفین کو تصویر کی صداقت جانچنے میں ایک قابلِ اعتماد ذریعہ فراہم کرے گا۔