گلگت بلتستان میں جرمن کوہ پیما لورا ڈال مائر کی ہلاکت پر پاکستان کا اظہار افسوس

اسلام آباد – 31 جولائی 2025:
پاکستان نے معروف جرمن کوہ پیما لورا ڈال مائر کی گلگت بلتستان میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزارتِ خارجہ کی جانب سے بدھ کے روز جاری کردہ بیان میں حکومتِ پاکستان نے لورا ڈال مائر کے اہل خانہ، مداحوں اور جرمن عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حادثہ انتہائی دلخراش ہے۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے لورا کو "دنیا بھر کے کھلاڑیوں کے لیے ایک روشن مثال” قرار دیا۔

ترجمان کا کہنا تھا،
"پاکستان اس دکھ کی گھڑی میں لورا کے خاندان، ان کے مداحوں اور جرمن قوم کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان کی بہادری، جذبے اور کوہ پیمائی سے محبت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔”

ذرائع کے مطابق یہ واقعہ بلتستان کے ضلع گانچھے کی خوبصورت اور خطرناک ہوشے ویلی میں واقع لیلیٰ پیک پر اس وقت پیش آیا جب دو جرمن خواتین کوہ پیما اس چوٹی کو سر کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔

گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق، لورا ڈال مائر کو کوہ پیمائی کے دوران اچانک پہاڑ سے پتھر گرنے کی وجہ سے شدید چوٹیں آئیں۔ وہ کچھ دیر کے لیے لاپتہ رہیں، لیکن بعد ازاں سرچ آپریشن کے دوران ان کی لاش برآمد ہوئی۔ ان کی ساتھی کوہ پیما کراوس مارینا کو ریسکیو ٹیموں نے رسیوں کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

لورا کی ہلاکت پر نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی کوہ پیمائی کے حلقوں میں بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مختلف حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر لورا کی زندگی اور خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کا شمالی علاقہ جات، جن میں K2، نانگا پربت اور دیگر بلند ترین پہاڑ شامل ہیں، ہر سال دنیا بھر سے ماہر کوہ پیماؤں کو اپنی جانب کھینچتا ہے۔ تاہم ان علاقوں کے موسم اور جغرافیہ اکثر خطرناک ثابت ہوتے ہیں، خاص طور پر گرمیوں کے سیزن میں۔ پاکستانی حکام نے جرمن سفارت خانے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے اور لورا کی میت کی منتقلی کے عمل کو سہل بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے

More From Author

دہشت گردی کیس میں پی ٹی آئی کے 50 سینئر رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری

کراچی میں مسلح ڈکیتی: کیش وین سے 9 کروڑ 70 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے، سیکیورٹی گارڈز زخمی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے