کراچی: گرین لائن بس توسیعی منصوبے کو بڑا دھچکا

کراچی، 19 ستمبر 2025 – کراچی کے شہریوں کے لیے سفری سہولت سمجھی جانے والی گرین لائن بس سروس ایک بار پھر غیر یقینی صورتحال کا شکار ہوگئی ہے، کیونکہ منصوبے کی توسیع پر جاری تعمیراتی کام اچانک روک دیا گیا ہے۔

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے ایم اے جناح روڈ پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کو روکنے کا حکم دیتے ہوئے ٹھیکے داروں کو کام سے روک دیا ہے۔ ساتھ ہی پاکستان انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (پی آئی ڈی سی ایل) کو ایک باضابطہ خط بھی بھیجا گیا ہے، جس میں منصوبے سے متعلق وضاحت اور حتمی مؤقف طلب کیا گیا ہے۔

پی آئی ڈی سی ایل حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کے لیے 2017 میں جاری کیا گیا این او سی اب بھی قابل عمل ہے۔ ان کے مطابق بڑے منصوبوں کے لیے دیا جانے والا این او سی ایک مرتبہ کا عمل ہوتا ہے اور اس کی معیاد کی کوئی حد مقرر نہیں کی جاتی۔ حکام نے یہ بھی مؤقف اپنایا کہ جولائی 2025 میں تمام متعلقہ اداروں کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا تھا۔

کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے اس صورتحال پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سات سال پرانے این او سی پر بغیر کسی جامع منصوبہ بندی کے کام شروع کرنا شہریوں کے ساتھ زیادتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم اے جناح روڈ شہر کی مرکزی شاہراہوں میں سے ایک ہے اور یہاں جاری تعمیراتی کام کی وجہ سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ "کام شروع کرنے سے پہلے متبادل راستے کا تعین کیا جانا چاہیے تھا،” انہوں نے زور دیا۔

یاد رہے کہ گرین لائن بس منصوبہ وفاقی حکومت نے 2016 میں شروع کیا تھا، جس کا ابتدائی خاکہ سُرجانی ٹاؤن سے ٹاور تک تھا، تاہم بعد میں اسے محدود کر کے جامع کلاتھ مارکیٹ تک کر دیا گیا۔ منصوبے کا پہلا مرحلہ 2021 کے آخر میں نمائش تک مکمل کر کے افتتاح کیا گیا تھا۔

اس سال کے آغاز پر منصوبے کا انتظام صوبائی حکومت کو منتقل کر دیا گیا تھا اور طویل تعطل کے بعد گزشتہ ماہ کام دوبارہ شروع ہوا تھا، لیکن چند ہی ہفتوں میں یہ منصوبہ ایک بار پھر رُک گیا ہے، جس سے نہ صرف شہریوں میں مایوسی بڑھ رہی ہے بلکہ ذمہ داری کے تعین پر بھی حکومتی ادارے آمنے سامنے کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔

More From Author

کراچی کے میئر کی گرین اور ریڈ لائن منصوبوں میں تاخیر پر شدید تشویش

پاکستان میں ہائی اسپیڈ ٹرین منصوبے میں بڑی پیش رفت

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے