کراچی کی فضا آلودگی کی لپیٹ میں، موسم کی تبدیلی سے ایئر کوالٹی خطرناک حد تک گر گئی

کراچی: موسم کی تبدیلی کے باعث شہرِ قائد کی فضائی کیفیت خطرناک سطح پر جا پہنچی ہے، جب کہ ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 174 پارٹیکیولیٹ میٹرز تک جا پہنچا ہے — جو انسانی صحت کے لیے نہایت مضر قرار دیا جاتا ہے۔

ماحولیاتی ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی میں یہ اضافہ شمال اور شمال مشرق سے آنے والی خشک ہواؤں اور سمندری ہوا کے رکنے کے باعث ہوا ہے، جس سے فضا میں موجود گرد و غبار اور آلودہ ذرات نیچے ٹھہر گئے ہیں۔ شہر کے کئی علاقوں میں ہلکی دھند اور گرد آلود دھواں صبح و شام کے اوقات میں نمایاں دکھائی دے رہا ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا موسم آئندہ دنوں میں جزوی طور پر ابر آلود، گرم اور خشک رہے گا۔ درجہ حرارت آج 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 42 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

حکام نے شہریوں، خاص طور پر سانس کے امراض میں مبتلا افراد، کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ اگرچہ صبح اور رات کے اوقات میں موسم کچھ بہتر محسوس ہوتا ہے، مگر دن کے وقت گرمی اور ہوا کی کمی آلودگی کو مزید گہرا کر رہی ہے۔

دوسری جانب، پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال تشویش ناک ہے۔ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 254 ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد وہ پنجاب کا چوتھا سب سے زیادہ آلودہ شہر قرار پایا۔ قصور 279 کے انڈیکس کے ساتھ پہلے، خانیوال 276 پر دوسرے اور شیخوپورہ 270 کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر موسم کی صورتحال اور اخراجی ذرائع پر قابو نہ پایا گیا تو کراچی اور لاہور جیسے بڑے شہروں میں فضائی آلودگی آنے والے دنوں میں عوامی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔

More From Author

پاکستان کے تمام ایئرپورٹس کو کیش لیس نظام میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

اگر گاڑی کسی اور کے نام پر ہے تو ای چالان کس کے نام پر آئے گا؟ سندھ کے وزیر داخلہ نے وضاحت کر دی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے