کراچی ٹریفک پولیس کا بارشوں کے پیشِ نظر ڈائیورژن پلان جاری

کراچی:
شہر میں مون سون بارشوں اور ممکنہ شہری سیلاب کے خدشے کے پیشِ نظر کراچی ٹریفک پولیس نے بدھ کو ایک تفصیلی ڈائیورژن پلان جاری کردیا ہے، جس کا مقصد ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔

طارق روڈ کو ’نو پارکنگ زون‘ قرار

پلان کے تحت طارق روڈ کو دونوں جانب سے نو پارکنگ زون قرار دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اگر شاہراہِ فیصل بارش کے پانی میں ڈوب جائے تو طارق روڈ کو متبادل راستے کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ پولیس نے شہریوں، دکانداروں اور مارکیٹ ایسوسی ایشنز سے اپیل کی ہے کہ طارق روڈ پر گاڑیاں پارک کرنے سے گریز کریں اور تعاون کریں۔

ڈسٹرکٹ سینٹرل کے لیے متبادل راستے

ڈسٹرکٹ سینٹرل میں پاور ہاؤس چورنگی سے ناظم چورنگی تک کا علاقہ شدید متاثر ہوتا ہے، اس لیے شہریوں کے لیے متبادل راستوں کا اعلان کیا گیا ہے:

  • راشد منہاس روڈ سے سفر کرنے والے مسافر گڈھرا پر یو ٹرن لے کر شفیق موڑ کے راستے نیو کراچی جا سکتے ہیں۔
  • سخی حسن چورنگی سے ناظم چورنگی آنے والے افراد کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ قلندریہ چوک اور اندھا موڑ کے ذریعے 4K چورنگی پہنچیں۔
  • بورڈ آفس سے آنے والی ٹریفک کو کے ڈی اے چورنگی کے راستے شاہراہ نور جہاں کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

جبکہ نارتھ ناظم آباد کے بلاکس N، H اور I کے رہائشیوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ امتیاز سپر مارکیٹ سے ہوتے ہوئے مجاہد کالونی، ضیاءالدین اسپتال، سیفی کالج، لانڈھی کوتل اور پیپلز چورنگی کے راستے شفیق موڑ اور نیو کراچی جائیں۔

پانی جمع ہونے کے خطرناک مقامات

ٹریفک پولیس نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے دوران نرسری، لال کوٹھی، بلوچ کالونی، کارساز، ڈرگ روڈ انڈر پاس، کالا پل اور میڈم کٹ میں پانی جمع ہونے کا امکان ہے۔
ایسی صورت میں شہری سندھی مسلم سوسائٹی، اللہ والی چورنگی، چار مینار، پی ٹی وی اسٹیشن، آغا خان روڈ، اسٹیڈیم روڈ، ملیریئم مال، جوہر چورنگی، رابعہ سٹی، حبیب یونیورسٹی، پہلوان گوٹھ اور ایئرپورٹ روٹس کو استعمال کرسکتے ہیں۔

ڈیفنس اور ایئرپورٹ جانے والوں کے لیے راستے

ڈیفنس سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ جانے والے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ قیوم آباد، شاہراہِ بھٹو، شاہ فیصل کالونی، شمع شاپنگ مال، شاہراہِ فیصل اور اسٹار گیٹ کے راستے سفر کریں۔
اسی طرح ملیر ہالٹ اور انور بلوچ ہوٹل کے مسافر بھی شاہراہِ بھٹو کے ذریعے ایئرپورٹ پہنچ سکتے ہیں۔

ایئرپورٹ سے واپسی پر ٹریفک پولیس نے شہریوں کو میڈم اپارٹمنٹس کے علاقے سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے اور متبادل کے طور پر پرانے ٹرمینل کی اندرونی سڑک استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے، جو اسٹار گیٹ، شاہراہِ فیصل، کالونی گیٹ اور شمع شاپنگ سینٹر سے گزرتی ہوئی دوبارہ شاہراہِ بھٹو پر جاتی ہے اور وہاں سے قیوم آباد اور ڈیفنس تک پہنچتی ہے۔

ٹاور اور گلشن جانے والوں کے لیے ہدایات

گارڈن یا ٹاور جانے والے شہریوں کے لیے پلان میں تجویز ہے کہ وہ ماڈل کالونی قبرستان کے راستے جناح ایونیو پر آئیں، پھر سپر ہائی وے اور لیاری ایکسپریس وے کے ذریعے ماری پور یا ٹاور تک جائیں۔
اسی طرح گلشن اقبال اور گلستان جوہر جانے والے شہری جناح ایونیو بذریعہ ریس کورس استعمال کر سکتے ہیں۔

شہریوں سے تعاون کی اپیل

کراچی ٹریفک پولیس نے زور دیا ہے کہ یہ پلان بارش کے دوران ٹریفک جام کو کم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ متعین راستوں پر عمل کریں، ڈائیورژن پلان کا احترام کریں اور ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں سے تعاون کریں تاکہ ان کی اپنی حفاظت اور سفر میں آسانی یقینی بنائی جا سکے۔

More From Author

کراچی میں موسلادھار بارشیں، تھاڈو ڈیم کے شگاف سے سیلابی صورتحال، ریسکیو آپریشن جاری

کراچی میں طوفانی بارشوں کا خطرہ ٹل گیا، پی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ اب صرف ہلکی بارشیں ہوں گی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے