کراچی — کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (کے ڈبلیو ایس سی) نے جمعرات کو اعلان کیا کہ کے ٹو پمپنگ اسٹیشن پر 48 انچ قطر کی پائپ لائن کی مرمت مکمل ہونے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے۔
کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق مرمتی کام منگل کے روز شروع کیا گیا تھا، جو دو روز تک بلا تعطل جاری رہا۔ اس دوران کے ڈبلیو ایس سی کی ٹیموں نے پائپ لائن میں لگے خراب والو کو تبدیل کیا۔ مرمت کے کام کے دوران نارتھ ایسٹ پمپنگ اسٹیشن کے 11 میں سے تین اور دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے ایک پمپ کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا، جس کے باعث پانی کی فراہمی میں کمی واقع ہوئی۔
پانی کی بندش سے صفورا ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد اور گلبرگ ٹاؤن سمیت کئی علاقے متاثر ہوئے، جبکہ لیاقت آباد اور گلشنِ اقبال کے رہائشیوں کو بھی کم دباؤ کے ساتھ پانی ملتا رہا۔
حکام کے مطابق کراچی کو روزانہ تقریباً 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے، تاہم مرمتی کام کے دوران 150 ملین گیلن یومیہ کی کمی واقع ہوئی۔ اس کے باوجود تقریباً 500 ملین گیلن پانی متبادل لائنوں کے ذریعے فراہم کیا جاتا رہا تاکہ شہریوں کو زیادہ دشواری نہ ہو۔
ترجمان کے ڈبلیو ایس سی نے تصدیق کی کہ پائپ لائن کا متاثرہ حصہ مکمل طور پر درست کر دیا گیا ہے اور معمول کے مطابق پانی کی سپلائی بحال ہو چکی ہے۔ انہوں نے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ اس نوعیت کے مسائل سے بچنے کے لیے احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔