کراچی — شہر کے مختلف علاقوں میں پیر کی رات دو الگ الگ ٹریفک حادثات میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔
پہلا حادثہ نشتَر روڈ کے علاقے رام سوامی میں پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار ڈمپر نے سڑک پار کرنے والے شخص کو کچل دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ راہگیر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کے بعد علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور احتجاج کرتے ہوئے ڈمپر کو آگ لگا دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، صورتحال کو قابو میں کیا اور لاش کو اسپتال منتقل کردیا۔
دوسرا حادثہ ملیر کھوکھراپار کے ٹینکی اسٹاپ کے قریب پیش آیا جہاں ایک نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں سوار موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔