کراچی میں ٹریفک حادثات، ایک ہی خاندان کے چار افراد سمیت پانچ ہلاک

کراچی کی سڑکوں پر منگل کے روز ایک اور المناک دن دیکھنے میں آیا جہاں دو الگ الگ حادثات میں پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں ایک ہی خاندان کے چار افراد شامل ہیں۔

ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا کے مطابق پہلا حادثہ صبح 9 بجے کے قریب ہاکس بے روڈ ماری پور کے علاقے میں پیش آیا، جب ایک تیز رفتار کار، جس میں ایک خاندان سوار تھا، نالے کے کنارے دیوار سے ٹکرا گئی۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ خاندان ہاکس بے ساحل سے واپس آرہا تھا کہ ڈرائیور نے گاڑی پر کنٹرول کھو دیا۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک مرد اور عورت شامل ہیں جن کی شناخت یوسف اور خالدہ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ ان کی دو بیٹیاں، چھ سالہ زینب اور دس سالہ عائشہ بھی جاں بحق ہوگئیں۔ حادثے میں خاندان کے چھ دیگر افراد زخمی ہوئے جنہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید کے مطابق تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ایک اور حادثہ نیو سبزی منڈی سپر ہائی وے کے قریب پیش آیا، جہاں ٹریلر اور ٹرک کے تصادم میں 39 سالہ گیا چند جان کی بازی ہار گئے جبکہ تین افراد زخمی ہوئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

کراچی میں حالیہ دنوں میں ڈمپرز اور واٹر ٹینکرز جیسے بھاری گاڑیوں کے حادثات میں خطرناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اسپتالوں کے اعداد و شمار کے مطابق صرف 2024 میں شہر کی سڑکوں پر تقریباً 500 افراد جاں بحق اور 4,800 سے زائد زخمی ہوئے۔

گزشتہ ماہ جون کی 19 تاریخ کو راشد منہاس روڈ پر ایک تیز رفتار ڈمپر الٹ کر 4×4 گاڑی پر جا گرا تھا، جس میں ایک خاتون اور پانچ سالہ بچی جاں بحق ہوگئی تھیں۔ 11 جون کو سپر ہائی وے پر ایک نامعلوم گاڑی نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری، جس میں نوجوان شوہر جاں بحق اور اس کی اہلیہ زخمی ہوگئی۔ اسی دن نارتھ ناظم آباد عبداللہ کالج کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے دو لڑکے بھی جان کی بازی ہار گئے تھے۔ ان مسلسل حادثات نے شہر میں ٹریفک قوانین کے نفاذ اور مؤثر اقدامات کی فوری ضرورت کو مزید اجاگر کر دیا ہے تاکہ کراچی کی سڑکوں پر قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے

More From Author

پاکستانی زائرین کیلئے اربعین پر ایران کی جانب سے مفت ڈبل انٹری ویزے کا اعلان

ملک گیر ہڑتال کا خدشہ، تاجر اور ٹرانسپورٹرز حکومت کے نئے ٹیکس اقدامات کے خلاف متحد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے