کراچی — محکمہ موسمیات نے بدھ کے روز خبردار کیا ہے کہ شہر قائد کے شہری بھاری بارش اور تیز ہواؤں کے لیے تیار رہیں، کیونکہ کم ہوا کے دباؤ کا سسٹم خطے میں شدت اختیار کر رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موسم عمومی طور پر صاف اور مرطوب رہے گا، تاہم آج اور کل کہیں کہیں بارش کے ساتھ گرج چمک کے امکانات ہیں۔ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے۔
فی الوقت شمال مشرقی سمت سے ہوائیں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 26.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید پیش گوئی کی ہے کہ آنے والے دنوں میں ملک بھر میں غیر مستحکم موسم کے امکانات ہیں۔ 3 سے 6 اکتوبر تک پنجاب اور اسلام آباد میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں بارش کا سلسلہ 7 اکتوبر تک جاری رہ سکتا ہے اور بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور ژالہ باری کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
ادھر کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج بارش متوقع ہے، جبکہ 4 سے 7 اکتوبر کے دوران کشمیر میں برفباری بھی ہو سکتی ہے۔ بلوچستان میں بھی 4 سے 6 اکتوبر کے دوران بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی ہواؤں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات اور انتظامیہ نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ موسم کی تازہ ترین اطلاعات سے باخبر رہیں، کیونکہ موسلا دھار بارش اور تیز ہوائیں کراچی سمیت دیگر حساس علاقوں میں اربن فلڈنگ اور ٹریفک مسائل پیدا کر سکتی ہیں۔