کراچی: مقامی عدالت نے ایک نوجوان خاتون کی نامناسب تصاویر فیس بک پر اپ لوڈ کرکے بلیک میل کرنے کے جرم میں ایک شخص کو چھ سال قید اور 60 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے فیصلہ سناتے ہوئے ملزم عبداللہ کو سائبر کرائم قوانین کے تحت قصوروار قرار دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ملزم کے خلاف شواہد اس کے جرم کو پوری طرح ثابت کرتے ہیں۔
پراسیکیوٹر شیراز راجپر نے بتایا کہ مدعیہ کی ملزم عبداللہ سے ابتدائی طور پر دوستی تھی اور دونوں کی غیر رسمی منگنی بھی ہوگئی تھی، تاہم ملزم کے نامناسب رویے کے باعث خاتون نے تعلق ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
رشتہ ختم ہونے کے بعد عبداللہ نے خاتون کو ہراساں کرنا اور بلیک میلنگ شروع کردی اور جعلی پروفائل بنا کر ان کی نامناسب تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ فارنزک رپورٹ نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ مذکورہ تصاویر ملزم ہی نے اپ لوڈ کی تھیں، جسے عدالت نے متاثرہ لڑکی کے خلاف اس کے غصے اور انتقامی رویے کی عکاسی قرار دیا۔
پراسیکیوشن نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ مقدمہ آن لائن ہراسانی اور سائبر ایبیوز کے خطرات کو اجاگر کرتا ہے اور پیش کیے گئے شواہد نے کسی شک و شبہ کی گنجائش نہیں چھوڑی۔ عدالت نے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے ملزم کو سزا سنائی۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ یہ مقدمہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے درج کیا تھا، جس نے تحقیقات کے بعد ڈیجیٹل شواہد اکٹھے کیے اور ملزم کو انجام تک پہنچایا۔