کراچی – شہر میں بھتہ خوری کا ناسور ایک بار پھر سر اُٹھانے لگا ہے۔ شاہ لطیف ٹاؤن کے ایک ٹرانسپورٹر کو نامعلوم بھتہ خوروں کی جانب سے دس لاکھ روپے کا مطالبہ نامہ موصول ہوا، جس کے ساتھ ایک زندہ گولی بھی بھیجی گئی۔
تفصیلات کے مطابق، بھتہ خوروں نے ٹرانسپورٹر سرفراز آرائیں کو دھمکی دی ہے کہ اگر مقررہ رقم ادا نہ کی گئی تو ان کی جائیدادوں اور تعمیرات کو مسمار کر دیا جائے گا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، متاثرہ ٹرانسپورٹر کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں بھتہ خوروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں تاکہ اس گھناؤنے دھندے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔
پولیس نے شہریوں کو یقین دلایا ہے کہ بھتہ خوری میں ملوث تمام مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور شہر میں امن و امان کی فضا بحال کی جائے گی۔