کراچی شدید گرمی کی لپیٹ میں، محکمہ موسمیات کی بارش اور ممکنہ سمندری طوفان کی پیشگوئی

کراچی:
شہرِ قائد پیر کے روز شدید گرمی اور حبس کی لپیٹ میں رہا، جبکہ محکمہ موسمیات نے شام کے وقت بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سمندری ہوائیں بند ہیں اور شمال مشرق سے گرم ہوائیں تقریباً 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ دن کے وقت درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، تاہم نمی کے باعث شہریوں کو گرمی کی شدت 42 ڈگری تک محسوس ہو رہی ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 30 ستمبر سے 3 اکتوبر کے دوران سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے امکانات ہیں۔ جن شہروں پر زیادہ اثر پڑنے کا امکان ہے ان میں حیدرآباد، جامشورو، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، عمرکوٹ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، مٹیاری اور تھرپارکر شامل ہیں۔ کراچی میں بھی شام کے وقت ہلکی اور درمیانی بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

دوسری جانب حالیہ بارشوں کے باعث سانگھڑ، میرپورخاص، عمرکوٹ، موری اور سجاول کے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، جبکہ ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو الہ یار میں بھی شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔

ادھر محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان سے متعلق پہلا انتباہ بھی جاری کیا ہے۔ حکام کے مطابق بھارتی گجرات کے قریب موجود کم دباؤ کا علاقہ یکم اکتوبر تک شمال مشرقی بحیرہ عرب میں داخل ہو سکتا ہے۔ پانی میں داخل ہونے کے بعد یہ نظام ڈپریشن میں اور پھر ممکنہ طور پر طوفان میں تبدیل ہو سکتا ہے۔

تاہم محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ فی الحال پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو براہِ راست خطرہ نہیں ہے۔ کراچی میں قائم سائیکلون وارننگ سینٹر صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی پیش رفت پر بروقت آگاہی فراہم کرے گا۔

More From Author

کراچی میں زیر تعمیر عمارت کے گڑھے میں بارش کا پانی جمع، دو بچے ڈوب کر جاں بحق

انسٹاگرام اور فیس بک صارفین کے لیے اشتہارات سے پاک ورژن پر فیس عائد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے