اسلام آباد: ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دوست ممالک کی سرمایہ کاری کو ملکی معیشت کی حقیقی ترقی میں بدلنے کیلئے ادارہ جاتی ہم آہنگی اور تیز تر عملدرآمد انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے یہ بات پیر کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں دوست ممالک کی جانب سے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں بنیادی ڈھانچے، توانائی، پیٹرولیم اور معاشی ترقی سمیت اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ کے علاوہ قانون و انصاف، پیٹرولیم اور خزانہ کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔
اجلاس کے شرکاء نے ان منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے اور حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر اتفاق کیا تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو جلد از جلد عملی شکل دی جا سکے اور اس کے فوائد ملکی معیشت تک پہنچ سکیں۔